چیئرمین ایف بی آرنے پابندی کی تجویز پر عمل درآمد روک دیا، ایف بی آر کو کسٹم کے بیگیج رولز 2006 میں مجوزہ ترامیم واپس لینے کی ہدایت
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) بیرون ملک سے آنے والوں کو ایک سے زائد موبائل لانے کی اجازت مل گئی ، چیئرمین ایف بی آرنے ایک سے زائد موبائل فون لانے پر پابندی کی تجویز پر عمل درآمد سے روک دیا، چیئرمین ایف بی آر نے کسٹم کے بیگیج رولز 2006 میں مجوزہ ترامیم واپس لینے کی ہدایت کرتے ہوئے فوری طور پر ایک سے زائد موبائل فون لانے پر پابندی کی تجویز پر عمل درآمد روکنے کے احکامات جاری کئے، اس کے علاوہ چیئرمین ایف بی آر نے 1200 ڈالر سے زائد کی کمرشل اشیا پر پابندی کی تجویز واپس لینے کی ہدایت بھی کردی اور رولز میں مجوزہ ترامیم واپس لے کر مشاورت کر کے دوبارہ پیش کرنے کا حکم بھی دیدیا۔
چیئرمین ایف بی آر نے موجودہ رولز 2006 کے تحت بیرون ملک سے آنے والوں کو 2 موبائل فون لانے کی اجازت برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزایف بی آر نے بیرون ملک سے کمرشل مقدار میں اشیاءاپنے ساتھ لانے پر مکمل پابندی لگانے کا فیصلہ کیا تھا۔اس حولے سے ایف بی آر نے بیگیج اسکیم میں ترمیم سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ایف بی آر کی جانب سے جاری کر دہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ بیگیج سکیم میں ترمیم کے تحت 1200 ڈالر سے زائد مالیت کی اشیاء کمرشل تجارت تصور ہوگی۔
سکیم کے تحت بیرون ملک سے ذاتی استعمال کیلئے ایک موبائل فون لانے کی اجازت دی گئی تھی۔نوٹیفکیشن کے مطابق بیرون ملک سے ذاتی استعمال کیلئے ایک موبائل فون لانے کی اجازت ہوگی۔ ایف بی آر کے مطابق ترمیم کے تحت ایک موبائل فون کے سوا تمام موبائل فون ضبط کر لئے جائیں گے۔ایف بی آرحکام کا کہنا تھا کہ بیگیج سکیم میں ترمیم کے تحت اضافی اشیاءڈیوٹی، ٹیکس اور جرمانے کے باوجود کلیئر نہیں ہوں گی۔ فیڈرل بورڈ ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق بیگج رولز 2006 میں مزید ترامیم سے متعلق مسودہ جاری کر دیا گیا تھا۔ قوانین میں ترامیم سے متعلق 7 روز میں سفارشات دی جا سکتی تھیں۔ ایف بی آر کے مطابق مقررہ معیاد کے بعد موصول ہونے والی تجاویز اور آراء قابل قبول نہیں ہوں گی۔