کھیلنے سے متعلق کہنے کو اب کچھ نہیں رہا ، جس کا انتظار ہے وہ اعلان جلد ہوجائے گا : سابق کپتان
لاہور ( سپورٹس ڈیسک ) پاکستان کو 2017ء میں چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل جتوانے والے سابق کپتان سرفراز احمد نے ریٹائرمنٹ کا اشارہ دے دیا۔ چیمپئنز ٹی 20 کپ میں پریس کانفرنس کے دوران صحافی کے سوال پر 37 سالہ سرفراز احمد دلبرداشتہ ہوگئے اور کہنے لگے کہ جس کا انتظار ہے وہ اعلان جلد ہوجائے گا۔ سرفراز احمد نے کہا کہ کھیلنے سے متعلق کہنے کو اب کچھ نہیں رہا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے آئی سی سی کے دو کپ اپنی قیادت میں پاکستان کو جتوائے ہیں۔ اس سے قبل سابق ویسٹ انڈین کپتان کلائیو لائیڈ اور آسٹریلین قائد رکی پونٹنگ کو یہ اعزاز حاصل تھا کہ انہوں نے 2،2 آئی سی سی ٹرافیاں اپنے اپنے ملکوں کے لیے اٹھائیں۔
سرفراز احمد کو ان کے چیمپئنز ٹرافی کے فاتح کپتان کی حیثیت سے تو یاد رکھا جاتا ہے مگر ان کی ایک جیت لوگوں کی نظروں سے عموماً اوجھل رہتی ہے۔
سرفراز احمد نے 2006ء میں پاکستان کی جونیئر ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے گرین شرٹس کو آئی سی سی انڈر 19 کا ورلڈ کپ جتوا کر ٹرافی اٹھائی۔ اس اہم معرکے میں بھی مدمقابل بھارت تھا اور اس ٹیم میں روہت شرما اور چتیشور پجارا جیسے بلے باز شامل تھے۔