اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سرینا چوک انٹرچینج پراجیکٹ کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کو سرینا چوک انٹرچینج کی تعمیر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر محسن نقوی نے مدت سے قبل پراجیکٹ کی تکمیل کیلئے سی ڈی اے کو ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد سرینا چوک انٹرچینج پراجیکٹ 10 ماہ کے بجائے 3 ماہ میں بنے گا، میگا پراجیکٹ کی تکمیل سے دارالحکومت میں ٹریفک کے برسوں کے مسائل مستقل حل ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں آنے والے دیگر شہروں کے لوگوں کو بھی آمدورفت میں سہولت ملے گی، سرینا چوک انٹرچینج پراجیکٹ کے تحت 2 انڈر پاس تعمیر ہو رہے ہیں اور رابطہ سڑکیں بن رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کی مقرر کردہ مدت میں تکمیل یقینی بنانے کیلئے خود نگرانی کر رہا ہوں، دن رات تعمیراتی کام کر کے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنا ہے، تعمیراتی کام کے دوران متبادل ٹریفک پلان پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے، ٹریفک کی روانی کیلئے بہترین مینجمنٹ کی جائے۔
چیئرمین سی ڈی اے، ڈی سی اسلام آباد سمیت متعلقہ سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔