پرامن مظاہرین پر اسلام آباد کی سڑکوں پر سینکڑوں نہتے پاکستانیوں کو خون میں نہلایا گیا.ترجمان پی ٹی آئی
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) تحریک انصاف کا احتجاج ختم ہونے کے بعد وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں صورتحال معمول پر آنے لگی ہے جبکہ حکومت کی جانب سے موبائل اور انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بحال کرنے کا دعوی بھی سامنے آیا ہے،اسلام آباد سمیت ملک میں کا روباری مراکز کھل گئے ہیں اور4 روز سے بند موٹرویز کو بھی ہر طرح کی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے.
اسلام آباد میں کل سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے پی ٹی آئی کے اسلام آباد میں احتجاج کے خلاف گزشتہ رات ہونے والے آپریشنکے بعد پارٹی نے اسلام آباد احتجاج کو منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پسپائی اختیار کرلی تھی اور وزیراعلی کے پی کے علی امین گنڈاپور‘سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی اور قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف عمرایوب کے بارے میں پی ٹی آئی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ مانسہرہ ریسٹ ہاﺅس میں پہنچ چکے ہیں اور آج وہاں پریس کانفرنس کریں گے ترجمان کے مطابق عمران خان سے ملاقات اور کور کمیٹی کی میٹنگ کے بعد اگلا لائحہ عمل بتایا جائے گا ترجمان کا کہنا تھا کہ پرامن مظاہرین پر اسلام آباد کی سڑکوں پر سینکڑوں نہتے پاکستانیوں کو زخمی کرکے خون میں نہلایا گیا، ڈی چوک پہنچنے والے کارکنان اور شہریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں.
ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ پرامن احتجاج کیلئے ملک بھر خصوصا خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ اور شمالی پنجاب کے اضلاع سے آگ اور خون کا دریا عبور کر کے مکمل پرامن انداز میں ڈی چوک پہنچنے والے کارکنان اور شہریوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ ملک بھر سے آنے والے قافلوں کی میزبانی پر راولپنڈی اور اسلام آباد کے عوام کے بھی بے حد مشکور ہیں.
ترجمان پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق دنیا بھر میں سابق وزیراعظم عمران خان کی کال پر تاریخی احتجاج کرنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے بھی شکرگزار ہیں. دوسری جانب اسلام آباد میں گرینڈ آپریشن کے بعد شہر کے تمام داخلی وخارجی راستے کھول دئیے گئے مختلف شاہراہوں سے کنٹینرز ہٹانے اور صفائی کا کام شروع کیا گیا ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کا شاہراہوں سے رکاوٹیں ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو علاقے میں موجود کنٹینرز ہٹانے کی ہدایات جاری کی گئیں اور تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے راستے فی الفورکھولے جا رہے ہیں.