تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر کیا گیا، ترجمان
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کل تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ترجمان ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں کل تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے، تعلیمی ادارے بند رکھنے کانوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا ہے، تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر کیا گیا، نوٹیفکیشن کا اطلاق وفاقی دارالحکومت کے تمام تعلیمی اداروں پر ہوگا۔
دوسری طرف انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کا اعلان کردیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی ناصر رضوی نے کہا کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 کے تحت احتجاج، ریلی یا مجمع پر پابندی عائد ہے، خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج ہوں گے، اسلام آباد کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، شہری کسی قسم کی ہنگامہ آرائی اور غیر قانونی عمل کا حصہ نہ بنیں، کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا، شہر میں سیکیورٹی انتظامات عوام کی جان اور مال کی حفاظت کے پیش نظر کیے گئے ہیں۔