پاک زمبابوے پہلا ون ڈے: بارش کے باعث میچ روک دیا گیا

بلاوائیو: ( سپورٹس ڈیسک )206 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان میں بیٹنگ جاری ہے تاہم بارش کے باعث میچ کو روک دیا گیا۔ واضح رہے کہ زمبابوے کیخلاف پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن بری طرح فلاپ ہوچکی ہے، 206 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی 59 رنز پر 6 وکٹیں گر چکی ہیں جبکہ محمد رضوان 18 اور عامر جمال بغیر کسی رن کے کریز پر موجود ہیں۔

ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف آسٹریلیا میں ون ڈے سیریز جیتنے کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا مورال بہت ہائی ہے جبکہ عاقب جاوید کے ہیڈ کوچ بننے کے بعد پاکستانی ٹیم کا یہ پہلا اسائنمنٹ ہے۔

پاکستان کی اننگز

زمبابوے کی جانب سے ملنے والے 206 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے کیا تاہم یہ جوڑی زیادہ دیر تک ساتھ نہ نبھا سکی اور عبداللہ شفیق 11 رنز کے مجموعی سکو پر صرف ایک 1 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی دوسری وکٹ 17 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب صائم ایوب بھی 11 رنز بناکر کیچ تھما بیٹھے، کامران غلام 17 رنز بنا کر چلتے بنے۔

49 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب سلمان آغا 4 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوئے جبکہ حسیب اللہ خان بغیر کوئی رن بنائے بولڈ ہوگئے۔

زمبابوے کی بیٹنگ

بلاوائیو میں ہونیوالے میچ میں سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں زمبابوے کے اوپنرز نے جارحانہ کھیل پیش کرنے کی کوشش کی تاہم 40 کے مجموعی سکور پر جویلورڈ گمبی 15 کے انفرادی سکور پر عبداللہ شفیق کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوگئے جبکہ ڈیون مائرز 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

کپتان کریگ ایروائن 6 اور تادیوانشے مارومانی 29، شان ولیمز 23، برائن بینیٹ 20، برینڈن ماوتا ایک جبکہ بلیسنگ مزربانی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔

آٹھویں وکٹ کی شراکت میں سکندر رضا اور رچرڈ نگروا نے 62 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم رضا 39 رنز بنا کر فیصل اکرم کا شکار بنے، رچرڈ نگروا نے ٹیم کیلئے 48 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی جس میں 5 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

پاکستان کی جانب سے نائب کپتان سلمان علی آغا اور ڈیبیو کرنے والے سپنر فیصل اکرم نے 3، 3 جبکہ حارث رؤف، عامر جمال اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تاہم زمبابوے کا ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔

ٹاس

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی کپتان محمد رضوان نے بتایا ہے کہ 3 کھلاڑی آج ڈیبیو کر رہے ہیں، نئے ٹیلنٹ کو ٹیم میں موقع دیا ہے، نوجوان کھلاڑی بھی پاکستانی ٹیم میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ پہلے اوورز بیٹنگ کیلئے مشکل ہوں گے، صورتحال کے مطابق ٹیم کو لے کر چلنا ہوتا ہے، اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔

قومی ٹیم میں آج عامر جمال، حسیب اللہ اور فیصل اکرم کا ڈیبیو ہوا ہے جبکہ زمبابوے سیریز میں پاکستان نے تین اہم کرکٹرز بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کو آرام دیا ہے۔

قومی سکواڈ

پاکستانی سکواڈ میں آج صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کپتان محمد رضوان، کامران غلام، عرفان خان نیازی، سلمان علی آغا، حسیب اللہ، عامر جمال، حارث رؤف، محمد حسنین اور فیصل اکرم، شامل ہیں۔