سکیورٹی اہلکاروں نے خوارج کی جانب سے چیک پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنائی داخل ہونے کی کوشش ناکام ہونے پر خوارج نے بارود سے بھری گاڑی پوسٹ کی دیوار سے ٹکرا دی،آئی ایس پی آر
بنوں ( نیوز ڈیسک ) خیبرپختونخوا ہ کے ضلع بنوں کے علاقے مالی خیل میں خوارج کے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملے میں 12 جوان شہید،فائرنگ کے تبادلے میں6 خوارج ہلاک ہوگئے،سیکورٹی فورسز نے خوارج کی چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خارجیوں نے ڈسٹرکٹ بنوں کے علاقے مالی خیل میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے خوارج کی چیک پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنا دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج ہلاک کر دئیے گئے جبکہ خوارج کے خود کش حملے میں 12 سکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں نے خوارج کی جانب سے چیک پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنائی داخل ہونے کی کوشش ناکام ہونے پر خوارج نے بارود سے بھری گاڑی پوسٹ کی دیوار سے ٹکرا دی۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہید ہونے والوں میں سکیورٹی فورسز کے 10 اہلکار اور دو فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکار شامل ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق خوارج کے خود کش دھماکے سے چیک پوسٹ کی دیوار کا ایک حصہ گر گیا۔ خود کش دھماکے سے ملحقہ انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچا جس سے 12 شہادتیں ہوئیں۔واضح رہے کہ چند روز قبل بھی بلوچستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسزکی پوسٹ پر حملے میں دہشت گردوں سے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے 7 جوان شہید ہوگئے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق قلات کے علاقے شاہ مردان میں دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسزکی پوسٹ پر 15 اور 16 نومبر کی درمیانی رات حملے کی کوشش کی گئی تھی۔آئی ایس پی آر نے بتایاکہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں سے بہادری سے مقابلہ کیا تھااور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشتگردہلاک ہوگئے جبکہ 4 دہشت گرد زخمی ہوئے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھاکہ دہشتگردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 7 بہادر جوان شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری رکھا گیا تھا۔آئی ایس پی آرکا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن و ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام بنانے کیلئے پرعزم تھیں اور بہادر جوانوں کی قربانیاں ہماراعزم مزید مضبوط کرتی تھیں۔