لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس عمران اور شیخ رشید سمیت تمام ملزمان کی بریت کا تحریری فیصلہ جاری

مدعی مقدمے کے الزامات کو سچ ثابت نہیں کیا جا سکا، عدالت نے ملزمان کے ضمانتی مچلکے واپس کرنے کا حکم بھی دے دیا

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس میں تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان، شیخ رشید اور صداقت عباسی سمیت دیگر کی بریت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود کی جانب سے عمران خان، شیخ رشید، فیصل واوڈا اور صداقت عباسی کی بریت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا گیا.

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کیس کا ٹرائل چلایا جاتا تب بھی سزا ہونے کے امکانات نہیں تھے، پراسیکیوشن نے موقف اپنایا ہزار سے 1200 کارکنان نے پولیس پر حملہ کیا، دلچسپ بات نوٹ کی گئی کہ 1200 افراد کے حملے میں ایک بھی پولیس اہلکار زخمی نہیں ہوا، پراسیکیوشن کی جانب سے پیش کی گئی کہانی میں شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں. عدالتی فیصلے میں لکھا ہے کہ مدعی مقدمے کے الزامات کو سچ ثابت نہیں کیا جا سکا اس لیے عمران خان، فیصل واوڈا اور شیخ رشید سمیت تمام ملزمان کو بری کیا جاتا ہے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کسی اور کیس میں گرفتار نہیں تو جیل سے رہا کر دیا جائے، شہزاد وسیم اور اسد قیصر کو 24 فروری 2024 کو کیس سے بری کر دیا گیا تھا.
تحریری فیصلے میں ہے کہ فیاض الحسن چوہان، فردوس شمیم نقوی، اسد قیصر، فواد چوہدری اور شبلی فراز کو بھی مقدمے سے بری کیا جاتا ہے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے ملزمان کے ضمانتی مچلکے واپس کرنے کا حکم بھی دے دیا یاد رہے کہ عمران خان و دیگرکے خلاف اسلام آباد کے تھانہ آب پارہ میں اگست 2022 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا. دوسری جانب توشہ خانہ2 کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور انکی اہلیہ بشری بی بی پر فرد جرم آج بھی عائد نہ ہوسکی اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ2 کیس کی سماعت کی.
عدالت نے ملزمہ بشری بی بی کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کر دی عدالت نے آئندہ سماعت پر عدم حاضری پر ملزمہ کی ضمانت خارج ہونے کا نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملزمہ کی عدم حاضری کی بنا پر اس کے ضمانتی مچلکے ضبط کر لیے جائیں گے. بشری بی بی کی ایک روزہ حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کر لی گئی، ایک روزہ حاضری سے استثنا کی درخواست طبی سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر منظور کی گئی عدالت نے کیس کی سماعت 21 نومبر تک ملتوی کر دی بشری بی بی پر مقدمات سے متعلق نیب خیبر پختونخوا نے اپنی رپورٹ پشاور ہائیکورٹ میں جمع کروا دی.
نیب رپورٹ کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے بشری بی بی سے متعلق مقدمات اور انکوائریوں کی تفصیل نیب سے مانگی ہے، نیب خیبر پختونخوا میں اس وقت بشری بی بی کے خلاف کوئی کیس اور انکوائری نہیں ہے رپورٹ میں بتایا ہے کہ بشری بی بی نے مقدمات کی تفصیل کے لیے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے. ادھر عمران خان نے جی ایچ کیو حملہ کیس سے متعلق اہم دستاویز دستخط کرکے وصول کرلی ہیں تفصیل کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ اڈیالہ جیل پہنچے، جہاں سابق وزیراعظم عمران خان کو جی ایچ کیو حملہ کیس کا انسپکشن نوٹ فراہم کر دیا گیا.
سابق وزیراعظم کو انسپکشن نوٹ کی فراہمی کے دوران وکلائے صفائی کی جانب سے اعتراض کیا گیا وکلائے صفائی نے مقف اختیار کیا کہ یہ دستاویز پہلے سے داخل کرائی گئی دستاویز میں شامل نہیں تھی یہ ٹمپرڈ دستاویز ہے ملزمان کی فہرست میں عمران خان کا نام شامل نہیں تھا. دریں اثنا عمران خان نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں نئے انسپکشن نوٹ کو دستخط کرکے وصول کرلیا واضح رہے کہ جی ایچ کیو حملہ کیس میں 25 نومبر کو ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی مقدمے میں 23 ملزمان کو اشتہاری قرار دے کر دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے گئے ہیں 23اشتہاری ملزمان میں شہباز گل، مراد سعید، حماد اظہر اور ذلفی بخاری بھی شامل ہیں جی ایچ کیو حملہ کیس میں 120 ملزمان مقدمے کے ٹرائل کا سامنا کر رہے ہیں.