میلبرن: (سپورٹس ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ آسٹریلیا میں کنڈیشنز مشکل ہوتی ہیں، پاکستان کی یہاں سیریز آسان نہیں ہو گی، یہاں ایک بھی ون ڈے جیت جاتے ہیں تو یہ بہت بڑی کامیابی ہو گی جبکہ ٹی 20 سیریز اچھی ہو گی۔
وسیم اکرم نے میلبرن میں آن لائن پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارت سے اچھے اشارے مل رہے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارتی بورڈ کو کئی آفرز کی ہیں، بھارت کو پاکستان آنا چاہیے۔ سابق کپتان نے کہا کہ ویرات کوہلی، ہاردک پانڈیا اور سوریا کمار یادیو کے پاکستان میں بہت مداح ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ دونوں ممالک کے لوگوں کا آپس میں رابطہ ہونا چاہیے، بھارت اس بارے میں سوچے۔
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کرکٹ کے لیے بہت اچھا کام کر رہے ہیں، مجھے جاب کی آفر ہوئی لیکن میں 9 سے 5 جاب کرنے والا بندہ نہیں ہوں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ محمد رضوان کو کپتانی کا تجربہ ہے، وہ اچھی چوائس ہیں، وہ بس کھیل پر فوکس کریں۔
ہوم ایڈوانٹیج کے لیے پچز بنانے پر تنقید کرنے والوں کے حوالے سے وسیم اکرم نے کہا کہ ہمیں دشمنوں کی ضرورت نہیں، ہم خود ہی بہت ہیں، ہوم ایڈوانٹیج پر تنقید سمجھ سے باہر ہے۔