حکومتِ سندھ کا یکم نومبر بروز جمعہ تعطیل کا اعلان

سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اور کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ نے نوٹی فکیشن جاری کر دیا

کراچی ( نیوز ڈیسک ) صوبہ سندھ کی حکومت نے یکم نومبر بروز جمعہ تعطیل کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے صوبے میں دیوالی کے موقع پر یکم نومبر جمعہ کے روز ہندو برادری کے لیے عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اور کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ نے دیوالی کی تعطیل کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ چھٹی کا اطلاق سرکاری اور نیم سرکاری اداروں کے ساتھ مجاز حکام پر بھی ہوگا، اس بات کو یقینی بنایا جائے ہندو ملازمین اس اہم موقع کو اپنے خاندانوں اور برادریوں کے ساتھ منا سکیں۔ بتایا گیا ہے کہ سندھ حکومت کی طرف سے ہر سال دیوالی پر ہندو ملازمین اور ورکرز کے لیے عام تعطیل کا اعلان کیا جاتاہے، اس کے علاوہ ہندو ملازمین کو ایڈوانس تنخواہیں بھی فراہم کی جاتی ہیں، کیوں کہ صوبے میں ہندوؤں کی ایک بھاری اکثریت دیہی علاقوں میں مقیم ہے، سندھ میں ان کی زیادہ آبادی سانگھڑ اور تھرپاکر اضلاع میں ہے، ان اضلاع کی سرحد بھارت کے ساتھ ملی ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں مقیم ہندو برادری ہر سال موسم بہار میں دیوالی کا مذہبی تہوار مناتی ہے، جس کی تیاریاں 9 روز قبل ہی شروع کردی جاتی ہیں جب کہ اس تہوار پر مختلف رسومات کا سلسلہ 5 دن تک جاری رہتا ہے۔