لاہور ( نیوز ڈیسک ) ٹریفک پولیس پنجاب کا موٹر سائیکل سواروں کیلئے خصوصی اقدام ، 7ہفتوں میں 10لاکھ لائسنس جاری کیے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب مرزا فاران بیگ کی سرپرستی میں ٹریفک پولیس پنجاب نے تاریخ رقم کر دی۔ لاہور سمیت صوبہ بھر میں موٹر سائیکل سواروں کو 7ہفتے میں 10 لاکھ لائسنس جاری کئے گئے۔
5لاکھ 42ہزار 353شہریوں نے موٹر سائیکل کے لرنگ لائسنس بنوائے ۔5لاکھ سے زائد شہریوں نے موٹرسائیکل کے ریگولر لائسنس بنوائے ۔ 3200سے زائد شہریوں نے موٹر سائیکل کے گم شدہ لائسنس کو دوبارہ حاصل کیا۔ 4300سے زائد شہریوں نے موٹر سائیکل کے لائسنس کی انڈوزمنٹ کروائی۔ 8100سے زائد شہریوں نے موٹرسائیکل کے انٹرنیشنل لائسنس بنوائے۔
ایڈیشنل آئی جی مرزا فاران بیگ نے کہا کہ موٹر سائیکل سواروں کے لئے 42دن کی مدت ختم کی جاچکی ہے ،موٹر سائیکل سوار ایک ہی دن میں اپنا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر رہے ہیں ۔
موٹر سائیکل لائسنس کے لئے سپیشل کائونٹرز اٹ ریچ پروگرام ، آن لائن پورٹل اور خدمت مراکز لائسنس سینٹرز کی سہولیات دستیاب ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل کا لائسنس حاصل کرنے والے شہریوں کی محفوظ ڈرائیونگ سے حادثات میں نمایاں کمی واقع ہو گی ۔ شہریوں کا موٹر سائیکل لائسنس کی سہولت پر 100 فیصد مثبت فیڈ بیک ۔ ٹریفک پولیس شہریوں کے مثبت رویے پر شکر گزار ہے ۔