اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستو ں پر سپریم کورٹ کی 14 ستمبر کی وضاحت کو چیلنج کردیا۔ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے اکثریتی ججز کی 14 ستمبر کی وضاحت پر نظر ثانی درخواست دائر کردی۔
نظر ثانی درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ عدالتی فیصلے پر تاخیر کا ذمہ دار الیکشن کمیشن نہیں، 12 جولائی کے فیصلے کی وضاحت کے لیے 25 جولائی کو درخواست دائر کی، نظر ثانی درخواست پر سپریم کورٹ نے 14 ستمبر کو وضاحت کا آرڈر جاری کیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کی دستاویز پر عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری نہیں کیا، عدالت نے تحریک انصاف کی دستاویزات پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب نہیں کیا، وضاحت کی درخواست پر بعد میں پارلیمنٹ نے قانون سازی کردی ہے۔
الیکشن کمیشن نے عدالت عظمیٰ سے استدعا کی کہ سپریم کورٹ 14 ستمبر کی وضاحت پر نظر ثانی کرے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے جاری اعلامیے میں کہا تھا کہ مخصوص نشستوں کے کیس کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے وضاحت کے لیے سپریم کورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی ہے۔
یاد رہے کہ 14 ستمبر کو مخصوص نشستوں کے کیس میں سپریم کورٹ کے اکثریتی بنچ نے وضاحتی حکم میں کہا تھا کہ فیصلے کی روشنی میں پارٹی سرٹیفکیٹ جمع کرانے والے پی ٹی آئی کے کامیاب امیدوار ہیں جبکہ الیکشن کمیشن فیصلے پر فوری عملدرآمد کرے۔