اب تک ایسا کوئی تباہی مچا دینے والا فاسٹ بولر نظر نہیں آیا’وقار یونس

فیصل آباد(این این آئی)اپنے زمانے میں مخالف بلے بازوں اپنی تیز رفتار گیندوں سے خوفزدہ کرنے والے وقار یونس نے کہا ہے کہ اب تک ایسا کوئی تباہی مچا دینے والا فاسٹ بولر نظر نہیں آیا’ہمارے فاسٹ بولرز کو فٹنس کے مسائل کا سامناہے ‘ کرکٹ میں بہتری کیلئے ریڈ اور وائٹ بال کھلاڑیوں کو الگ الگ کرنا ہوگا۔

فیصل آباد میں پی سی بی کے زیر اہتمام چیمپئنز ون ڈے کپ جاری ہے جس کا مقصد نئے ٹیلنٹ کی تلاش، قومی کرکٹرز کا بیک اپ تلاش کرنا اور پاکستان کرکٹ کی مضبوطی ہے۔اس حوالے سے پی سی بی نے پانچ ٹیموں کے پانچ مینٹورز بھی مقرر کیے جن میں سابق فاسٹ بولر وقار یونس لائنز ٹیم کے مینٹور ہیں۔وقار یونس جو اپنے دور میں بورے والا ایکسپریس کے نامے سے جانے جاتے تھے اور وسیم اکرم کے ساتھ مل کر ٹو ڈبیلوز کی جوڑی مخالف بلے بازوں پر قہر بن کر ٹوٹتی تھی اور دنیا کے بڑے بڑے بیٹر ان سے خوفزدہ رہتے ہیں۔

ماضی میں خوف کی علامت بنے وقار یونس قومی ٹیم میں شامل اور چیمپئنز ون ڈے کپ میں سامنے آنے والے بولرز کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں اور کہتے ہیں کہ ابھی تک ایسا کوئی فاسٹ بولر نظر نہیں آیا جس کو دیکھ کر لگے کہ وہ مخالف ٹیم کی بیٹنگ لائن میں تباہی مچا دے گا۔وقار یونس نے مزید کہا کہ ہمارے فاسٹ بولرز کو فٹنس کے مسائل کا سامنا ہے۔ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے ہمیں ریڈ اور وائٹ بال کے کھلاڑیوں کو الگ الگ کرنا ہوگا۔