عمران خان کو جج نے جلد سزا دینی ہے، علیمہ خان کا دعویٰ

یہ لوگ قانون لانا چاہتے ہیں کسی کو بھی اٹھا کرلے جائیں،بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کو عوام نے بچانا ہے، یہ ہمیں کبھی بھی ملٹری کورٹ میں لے جائیں گے،بانی پی ٹی آئی کی بہن کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو

راولپنڈی( نیوز ڈیسک ) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کو جج نے جلد سزا دینی ہے، یہ لوگ قانون لانا چاہتے ہیں کسی کو بھی اٹھا کرلے جائیں،بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کو عوام نے بچانا ہے، یہ ہمیں کبھی بھی ملٹری کورٹ میں لے جائیں گے،اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی بہن نے مزید کہا کہ ہمارے بہت سے لوگ ملٹری جیل میں ہیں۔
میرا بھانجا بھی ملٹری جیل میں ہے۔کسی کو معلوم نہیں کہ ان کو کب اور کتنی سزا ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے طے کر لیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو ہر صورت سزا دینی ہے ۔ سپریم کورٹ پر پہلے حملہ ہوا اب دوبارہ حملہ ہوگا، سپریم کورٹ آخری انصاف کی جگہ ہے۔
یہ سپریم کورٹ کے حقوق سلب کرنے جارہے ہیں۔ آئینی ترامیم لانے کا مقصد بھی یہی ہے کہ حکومت چاہتی ہے کہ ان کی مرضی کی عدالتیں بنیں جہاں ان کی پسند کے مطابق فیصلے کئے جائیں ۔

حکومت رات کے اندھیرے میں چوری چھپے بل منظور کرانا چاہتی تھی لیکن اپوزیشن نے حکومت کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیا ہے ۔ ہم کسی صورت بھی عدلیہ پر آنچ نہیں آنے دیں گے ۔ لاہور جلسے کیلئے ہم ہر چیز کیلئے تیار ہیں اگر انہوںنے کربلا بنانا ہے تو ہم تیار ہیں لاہور میں نکلیں گے پورا لاہور نکلے گا اگر یہ کاوٹیں رکھیں گے تو ہم ہٹا دیں گے۔ یہ سپریم کورٹ کو اپنے ماتحت کرنا چاہتے ہیں۔
موجودہ اسمبلی کے پاس مینڈیٹ ہی نہیں۔ سب نمائندوں کو مجبور کیا جارہا ہے۔ سپریم کورٹ کو بچائیں گے تو جمہوریت اور آزادی کو بچائیں گے یہاں انصاف نہیں مل رہا۔ آج جج صاحب بہت مجبور لگ رہے تھے جج صاحب کو ہدایت آئی ہے کہ روزانہ سماعت کریں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت صرف نئے توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں۔ جج نے جلد بانی پی ٹی آئی کو سزا دینی ہے بانی پی ٹی آئی کو پھر ہائی کورٹ میں جانا پڑے گا۔
یہ اسی طرح کیس بنا کر کئی مہینوں تک بانی پی ٹی آئی کو جیل میں رکھیں گے، ہمارے اپنے لوگ بہت بڑے لیڈر کے ساتھ کیا کررہے ہیں؟۔خیال رہے کہ چند روز قبل بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ نے کہا تھا کہ انہیں سمجھ نہیں آرہی کہ بانی پی ٹی آئی کو کیسے جیل میں رکھیں۔ سننے میں آرہا ہے بانی پی ٹی آئی کو ملٹری جیل میں ڈالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ہم اپنی عدالتوں پر بھروسہ کررہے ہیں اور چیف جسٹس سے اپیل کرتے ہیں کہ ہمیں آئینی تحفظ دیا جائے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم پوچھ رہے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کو کیوں ملٹری کسٹڈی میں دینا چاہتے ہیں؟۔