محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کا تمام سرکاری اور نجی سکولوں کو جشن عید میلاد النبی بھرپور طریقہ سے منانے کا حکم
لاہور( نیوز ڈیسک ) عید میلاد النبیﷺ کی چھٹی ختم؟ سکولوں کیلئے نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت صوبے بھر میں 12ربیع الاول کے روز تمام سکولز کھلے رہیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے تمام سرکاری اور نجی سکولوں کو جسن عید میلاد النبیﷺ بھرپور طریقہ سے منانے کا حکم دیا ہے اور اس مقدس دن کے موقع پر سکولوں میں حمد، سیرت النبیﷺ، نعت خوانی سمیت دیگر مذہبی معاملات پر مقابلے اور مباحثے منعقد کروانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفیٰﷺ کے یومِ ولادت 12 ربیع الاول کے موقع پر 17 ستمبر 2024 بروز منگل کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا،کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 17 ستمبر 2024 کو عید میلاد النبی (12 ربیع الاول 1446 ہجری) کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 17 ستمبر منگل کے روز ملک بھر میں نجی و سرکاری تعلیمی ادارے اور دفاتر بند رہیں گے۔
پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفیٰﷺ کے یومِ ولادت کا جشن مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔اس موقع پرملک بھر میں عمارتوں، گلیوں، شاہراہوں، مساجد اور گھروں کو برقی قمقوں سے سجایا جاتا ہے۔نبی آخر الزمانﷺ کی حیات مبارکہ اور تعلیمات پوری انسانیت کیلئے مینارہ نور ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو ہدیہ عقیدت پیش کرنے کیلئے خصوصی کانفرنسز تقریبات اور محفل میلاد منعقد کی جاتی ہیں۔
دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور تمام صوبائی دارالحکومت میں 21 ،21 توپوں کی سلامی سے ہوتا ہے۔ملک بھر کی تمام مساجد میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مسلم ا±مہ کے اتحاد اور ملک کی ترقی و خوش حالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جاتی ہیں۔یاد رہے کہ 2روزقبل ربیع الاول کا چاند دیکھنے کیلئے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا تھا۔
اجلاس میں رویت ہلال زونل کمیٹی اسلام آباد، سپارکو، محکمہ موسمیات اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے نمائندوں نے شرکت کی تھی۔علاوہ ازیں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس مقررہ مقامات پر جاری رہے تھے۔ اجلاس میں ماہ ربیع الاوّل کے چاند کی رویت سے متعلق فیصلہ کیا گیاتھا۔بعد ازاں چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا تھا کہ 12 ربیع الاول 17 ستمبر بروز منگل کو ہو گی۔