صوبائی سرحدی چوکیوں کی تعداد بڑھانے کی تجویز، ناجائزاسلحہ کے خاتمے کیلئے مہم تیز کرنے کی ہدایت، وزیراعلی مریم نواز کا عید میلادالنبیؐ پرفول پروف سیکورٹی یقینی بنانے کا حکم
لاہور ( نیوز ڈیسک ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے عید میلادالنبیؐ پر فول پروف سیکورٹی کا حکم دیا ہے، وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے پولیس افسران کو علماء کرام کے پاس خود جاکر ملنے کی ہدایت کی۔وزیراعلی مریم نوازشریف کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق امور کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا،جس میں صوبائی سرحدی چوکیوں کی تعداد بڑھانے کی تجویز پیش کی گئی، وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے منظوری دے دی- وزیراعلی مریم نوازشریف نے پولیس اہلکاروں کواے پی سی، بلٹ پروف گاڑیاں اور بلٹ پروف جیکٹیں فوری طور پر دینے کا حکم دیا-سرحدی پوسٹوں پر تعینات پولیس اہلکاروں کی خصوصی ٹریننگ کرانے کی ہدایت کی-بارڈر سیکورٹی چیک پوسٹوں کو مزید مضبوط اور بہتربنانے کا حکم دیا- بارڈر ملٹری پولیس کی تشکیل نو اور جدیدٹریننگ کی ہدایت کی- ڈیوٹی پر موجود پولیس فورس کو باڈی کیم لگانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔
ناجائز اسلحہ کے خاتمے کے لئے مہم مزید تیز کرنے کا حکم دیا گیا- آن ڈیوٹی پولیس اہلکاروں کے سوشل میڈیا اور کیمرے کے استعمال کرنے پر سخت پابندی عائد کردی گئی۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ پنجاب کے عوام کے جان ومال کا تحفظ اولین ذمہ داری ہے۔ عوام کے تحفظ کے لئے جو کچھ بھی کرنا پڑا ضرور کیا جائے گا۔ جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف بلا امتیاز کاررائی کی جائے۔
پولیس جرم سرزد ہونے کا انتظار کیے بغیر پیشگی ایکشن کی اہلیت پیدا کرے۔ عوام کی جان ومال کی حفاظت کے لئے جو کچھ بھی کرنا پڑا کریں گے۔ پولیس چیک پوسٹوں پر حملہ آوروں کو اس قدر سخت جواب دیا جائے کہ وہ دوبارہ حملے کی جرأت نہ کریں۔ پولیس چیک پوسٹوں کے درمیان پولیس پٹرولنگ کا انتظام کیا جائے۔ اجلاس میں پولیس کو ایک ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔ سینئر صوبائی منسٹر مریم اورنگزیب،صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، ایم پی اے ثانیہ عاشق، بریگیڈئر (ر) بابر علاؤالدین، چیف سیکرٹری،ہوم سیکرٹری، آئی جی پولیس، ایڈیشنل آئی جی اور دیگر پولیس حکام نے شرکت کی۔