سرحد پار سے فائرنگ: پاک فوج کے جوابی وار سے 2 کمانڈر سمیت8 افغان طالبان ہلاک

اسلام آباد 🙁 نیوز ڈیسک ) افغان طالبان کی سرحد پر فائرنگ کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا، جوابی فائرنگ سے دو اہم کمانڈرسمیت8طالبان ہلاک ہو گئے۔ افغان طالبان کی جانب سے ایک بار پھر پاک افغان سرحد پر بِلا اشتعال جارحیت جاری ہے ، افغان طالبان کی جانب سے پاکستان پر دہشتگرد حملوں میں سہولت کاری کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، دہشتگرد حملوں کے ساتھ ساتھ اب افغان طالبان کی بین الاقوامی سرحد پر جارحیت کھل کر سامنے آرہی ہے۔

ذرائع کے مطابق 7 ستمبر کی صبح سے افغان طالبان کی جانب سے پاک افغان سرحد سے متصل افغان علاقے پلوسین سے پاکستانی چیک پوسٹوں پر بڑے ہتھیاروں سے بلا اشتعال فائرنگ کی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستان آرمی کی جانب سے افغان سائیڈ سے کی گئی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا گیا، پاکستانی فوج کی جوابی فائرنگ سے افغان طالبان کے بھاری نقصان کی اطلاعات ہیں۔

باوثوق ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اطلاعات کے مطابق 8 افغان طالبان ہلاک جبکہ16 زخمی کر دیے گئے، ہلاک ہونے والوں میں 2 اہم کمانڈرز خلیل اور جان محمد بھی شامل ہیں۔