کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا،ملک بھر میں نجی و سرکاری تعلیمی ادارے اور دفاتر بند رہیں گے
اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) وفاقی حکومت نے نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفیٰ کے یومِ ولادت 12 ربیع الاول کے موقع پر 17 ستمبر 2024 بروز منگل کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا،کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 17 ستمبر 2024 کو عید میلاد النبی (12 ربیع الاول 1446 ہجری) کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق 17 ستمبر منگل کے روز ملک بھر میں نجی و سرکاری تعلیمی ادارے اور دفاتر بند رہیں گے۔
پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفیٰ کے یومِ ولادت کا جشن مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔اس موقع پرملک بھر میں عمارتوں، گلیوں، شاہراہوں، مساجد اور گھروں کو برقی قمقوں سے سجایا جاتا ہے۔
نبی آخر الزمان کی حیات مبارکہ اور تعلیمات پوری انسانیت کیلئے مینارہ نور ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو ہدیہ عقیدت پیش کرنے کیلئے خصوصی کانفرنسز تقریبات اور محفل میلاد منعقد کی جاتی ہیں۔
دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور تمام صوبائی دارالحکومت میں 21 ،21 توپوں کی سلامی سے ہوتا ہے۔ملک بھر کی تمام مساجد میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مسلم ا±مہ کے اتحاد اور ملک کی ترقی و خوش حالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جاتی ہیں۔یاد رہے کہ 2روزقبل ربیع الاول کا چاند دیکھنے کیلئے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا تھا۔
اجلاس میں رویت ہلال زونل کمیٹی اسلام آباد، سپارکو، محکمہ موسمیات اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے نمائندوں نے شرکت کی تھی۔علاوہ ازیں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس مقررہ مقامات پر جاری رہے تھے۔ اجلاس میں ماہ ربیع الاوّل کے چاند کی رویت سے متعلق فیصلہ کیا گیاتھا۔بعد ازاں چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا تھا کہ 12 ربیع الاول 17 ستمبر بروز منگل کو ہو گی۔