لاہور: ( نیوز ڈیسک ) ایف آئی اے نے گندم سکینڈل میں ملوث ایم ڈی پاسکو سمیت 7 ملزمان گرفتارکرلیے۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے کارروائی کرتے ہوئے پاسکو کی گندم فروخت میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں پر مقدمہ درج کرنے کے بعد سابق ایم ڈی پاسکو سعید احمد نواز، جنرل منیجر کمرشل شاہد ابراہیم،جنرل منیجرکمرشل عمران نذیر سمیت7 ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔
ترجمان نے بتایا کہ ایف آئی اے نے زونل ہیڈ افتخارالدین، خریدار محمد سعید اور ناصر علی کو بھی حراست میں لیا گیا۔ ایف آئی اے ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم انسپکشن کمیشن نےسیلاب سے متاثرہ گندم کے ٹینڈر ز میں تحقیقات کا ٹاسک ایف آئی اے کو دیا، سیلاب سے 2022 میں سندھ اور بلوچستان میں پاسکو کی 40 ہزار میٹر ک ٹن گندم متاثر ہوئی۔
ترجمان نے کہا کہ پاسکو نے سیلاب سے متاثرہ گندم کی فروخت کیلئے جون 2023میں ٹینڈر جاری کیا، شرائط کے بر عکس ٹینڈر میں خریداروں کو 10فیصد پر فارمنس گارنٹی کی مد میں غیر قانونی رعایت دی، شرائط میں ردوبدل سے صرف 39ملین روپے سرکاری خزانے میں جمع ہوئے۔
ایف آئی اے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ رولز کے مطابق 276ملین روپے سرکاری خزانے میں جمع ہونے تھے، ملزمان نے سرکاری خزانے کوتقریباً 236ملین روپے کا نقصان پہنچایا۔