ربیع الاول کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب

اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کی صدر کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) ملک میں ربیع الاوّل کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بدھ کو ہوگا، چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبد الخبیر آزاد اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں رابطہ کے فرائض ڈائریکٹر جنرل وزارت مذہبی امور سید مشاہد حسین خالد جبکہ فنی معاونت کیلئے وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے زین العا بدین،محکمہ موسمیات سے چیف میٹ ڈاکٹر سردار سرفراز اور محکمہ سپارکو سے غلام مرتضی ٹیلی فون کے ذریعے اپنی خدمات سرانجام دیں گے، 4 ستمبر کو بمقام وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان کوہسار کمپلیکس پاک سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں ربیع الاوّل کے چاند کا اعلان کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ربیع الاوّل میں اللہ کے آخری نبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت با سعادت کا جشن منایا جاتا ہے اور ملک میں مساجد، عمارتوں اور شاہراہوں کو سبز پرچموں اور برقی قمقموں سے سجایا جاتا ہے، اس بابرکت موقع پر ملک میں بڑی عمارتوں پر چراغاں کیا جاتا ہے جب کہ کئی بازاروں اور شاہراہوں پر محرابیں اور آرائشی دروازے بھی نصب کیے جاتے ہیں، اس دوران مختلف مقامات پر درود و سلام کی محافل کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔
اسی مناسبت سے لاہور میں 12 ربیع الاول کیلئے مربوط سکیورٹی پلان ترتیب دینے کی ہدایت کی گئی ہے، سربراہ لاہورپولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا،جس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال سمیت دیگر اہم پیشہ ورانہ امور کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں 12 ربیع الاول کے سکیورٹی انتظامات اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا، سی سی پی او لاہور نے 12 ربیع الاول پر برآمد ہونے والے جلوسوں،ریلیوں اور محافل کیلئے مربوط سکیورٹی پلان ترتیب دینے کی ہدایات جاری کیں۔