شدید بارشوں کے بعد ملک کے 2 سب سے بڑے ڈیم مکمل طور پر بھر گئے

تربیلا اور منگلا ڈیموں میں بارشوں کے بعد پانی کی سطح پوری ہو چکی، پانی کی آمد و اخراج تقریباً برابر ہو گئے

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) شدید بارشوں کے بعد ملک کے 2 سب سے بڑے ڈیم مکمل طور پر بھر گئے۔ تفصیلات کے مطابق تربیلا اور منگلا ڈیموں میں بارشوں کے بعد پانی کی سطح پوری ہو چکی ہے اور ان سے اب پانی کی آمد و اخراج تقریباً برابر ہو گئے ہیں۔ترجمان واپڈا کے مطابق تربیلا کے مقام پردریائے سندھ میں پانی کی آمد 2 لاکھ 20 ہزار کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 19 ہزار 500 کیوسک ہے۔
منگلا کے مقام پر دریائے جہلم میں پانی کی آمد 71 ہزار 200 کیوسک اور اخراج 8 ہزار کیوسک ہے۔ چشمہ بیراج میں پانی کی آمد 2 لاکھ 46 ہزار 500 اوراخراج 2 لاکھ 23 ہزار 800 کیوسک ہے۔ترجمان واپڈا کے مطابق ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد 72 ہزار 800 اور اخراج 43 ہزار 600 کیوسک ہے۔نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کی آمد 31 ہزار 400 کیوسک اور اخراج 31 ہزار 400 کیوسک ہے۔
آبی ذخائرکے بارے میں واپڈا ترجمان نے بتایا کہ تربیلا میں آج پانی کا ذخیرہ 57 لاکھ 66 ہزار ایکڑ فٹ ہے، منگلا میں آج پانی کا ذخیرہ 56 لاکھ 64 ہزار یکڑ فٹ ہے، چشمہ میں آج پانی کا ذخیرہ 2 لاکھ 85 ّہزار ایکڑ فٹ ہے، تربیلا ،منگلااورچشمہ ریزوائر میں پانی کا مجموعی ذخیرہ ایک کروڑ 17 لاکھ 15 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔ انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا)کی جانب سے ہفتہ کو ملک کے مختلف آبی ذخائر سے 3 لاکھ 22 ہزار 900 کیوسک پانی کا اخراج کیا گیا جبکہ پانی کی آمد 3 لاکھ 86 ہزار 600 کیوسک رہی۔
ارسا کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق دریائے سندھ پر تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1550.00 فٹ ہے جو ڈیم کے ڈیڈ لیول 1,398 فٹ سے 152.00 فٹ زیادہ ہے۔ اسی طرح دریائے جہلم پر منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1220.80 فٹ ہے جو ڈیڈ لیول 1050 فٹ سے 172.80 فٹ زیادہ ہے۔