اوگرا کی جانب سے ماہ ستمبر کیلئے ایل پی جی کی سرکاری قیمت میں 6 روپے 99 پیسے کا اضافہ کر دیا گیا، گھریلو سلنڈر 82 روپے 54 پیسے مہنگا ہو گیا
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) اگست کے اختتام پر عوام کیلئے مہنگائی کا ایک اور تحفہ، ایل پی جی مزید مہنگی کر دی گئی، اوگرا کی جانب سے ماہ ستمبر کیلئے ایل پی جی کی سرکاری قیمت میں 6 روپے 99 پیسے کا اضافہ کر دیا گیا، گھریلو سلنڈر 82 روپے 54 پیسے مہنگا ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق اوگرا نے ماہ اگست کے اختتام پر ماہ ستمبر کیلئے ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا۔
اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق 6 روپے 99 پیسے فی کلو گرام اضافہ سے ایل پی جی کی نئی سرکاری قیمت 244 روپے ہو گی۔ جبکہ 82 روپے 54 پیسے کے اضافے سے گھریلو سلنڈر کی قیمت 2 ہزار 879 روپے ہو گی۔ تاہم مارکیٹ ذرائع کے مطابق ملک کے کسی بھی شہر میں اوگرا کی جانب سے اعلان کردہ قیمت پر ایل پی جی دستیاب نہیں ہے۔
ملک کے مختلف شہروں میں ایل پی جی 270 روپے سے 300 روپے کی قیمت میں فروخت ہو رہی ہے۔
جبکہ دوسری جانب یکم ستمبر سے پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا اور آئل مارکیٹ کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کے حوالے سے ورکنگ مکمل کرلی گئی ہے، جس کے تحت یکم ستمبر سے پٹرول 5 روپے فی لٹر اور ڈیزل کے نرخ 6 روپے فی لٹر سستا ہو سکتا ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کے نرخوں میں کمی کا اثر پٹرولیم مصنوعات پر آئے گا، عالمی سطح پر خام تیل کی قیمت 79 بیرل تک آچکی ہے، 30 اگست تک عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں کا جائزہ لیا جائے گا اور 31 اگست کو پٹرولیم مصنوعات سے متعلق حتمی سمری بھجوائی جائے گی، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب وزیراعظم شہباز شریف سے مشاورت کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کریں گے۔
بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں اس وقت ایکس ڈپو پٹرول کی قیمت فی لٹر 260 روپے 96 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 266 روپے 7 پیسے فی لٹر ہے، 14 اگست کو اپنے آخری جائزے میں حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 8 روپے 47 پیسے اور 6 روپے 70 پیسے فی لٹر کمی کی تھی، جس کے بعد یوں پٹرول کی نئی فی لٹر قیمت 260 روپے 96 پیسے جب کہ ڈیزل کی نئی قیمت 266 روپے 7 پیسے ہو گئی، قیمتوں میں کمی عالمی سطح پر خام تیل سستا ہونے سے ممکن ہوئی۔