کوئٹہ: ( نیوز ڈیسک ) پی ڈی ایم اے نے صوبہ بلوچستان میں موسلادھار بارشوں کی تباہ کاریوں کے بارے میں رپورٹ جاری کر دی۔
پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 2 افراد جاں بحق ہوئے، بلوچستان میں مون سون کی بارشوں کے دوران مختلف واقعات میں جاں بحق افراد کی تعداد 31 ہو گئی، جاں بحق ہونے والوں میں 1 خاتون اور 18 بچے بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق موسلادھار بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 15 افراد زخمی بھی ہوئے، زخمیوں میں 1 خاتون اور 11 بچے شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں یکم جولائی سے اب تک 1 لاکھ 9 ہزار 897 افراد متاثر ہوئے، طوفانی بارشوں سے 858 مکانات مکمل منہدم جبکہ 13 ہزار 946 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے، سیلابی صورتحال سے 58 ہزار 819 ایکڑ پر فصلیں اور 66 کلو میٹر سڑکیں متاثر ہوئیں۔
طوفانی بارشوں کے باعث 7 پلوں کو نقصان پہنچا، بارشوں کے دوران 373 مویشی ہلاک ہوئے، موسلا دھار بارشوں کے دوران جعفر آباد کے 3، لورالائی اور کچھی کا 1،1 ہیلتھ یونٹ متاثرہوا۔
رپورٹ کے مطابق زیارت میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 39 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، قلات میں 32 اور خضدار میں 30 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔