گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی زندگی پر بننے والی فلم کیلئے امیتابھ بچن کا انتخاب

پیرس (این این آئی)پیرس اولمپکس 2024 میں بھارت کے لیے سلور میڈل جیتنے والے نیرج چوپڑا نے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی زندگی پر بننے والی فلم کے لیے امیتابھ بچن کا انتخاب کرلیا۔سوشل میڈیا پر پیرس اولمپکس کے جیولین تھرو کے مقابلے کے میڈلز کی تقسیم کی تقریب کے بعد ارشد ندیم اور نیرج چوپڑا کی ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں اینکر دونوں ایتھلیٹ سے انٹرویو لے رہا ہے۔

اس دوران اینکر نیرج چوپڑا سے سوال کرتا ہے کہ اگر ارشد ندیم کی زندگی پر فلم بنائی جائے تو آپ اْن کے کردار کے لیے کس اداکار کا انتخاب کریں گے؟ جس پر نیرج چوپڑا کہا کہ ارشد ندیم کے کردار کے لیے ایسے اداکار کا انتخاب کرنا چاہیے جس کا قد لمبا ہو۔بھارتی ایتھلیٹ نے کہا کہ اگر فلم بھارت میں بنائی گئی تو میرا انتخاب امیتابھ بچن ہوں گے۔اینکر کی جانب سے یہی سوال ارشد ندیم سے پوچھا گیا جس پر انہوں نے کہا کہ نیرج چوپڑا کے کردار کے لیے شاہ رخ خان کا انتخاب کروں گا۔خیال رہے کہ رواں ماہ ہونے والے پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم نے جیولین تھرو کے مقابلے میں 92.97 کی ریکارڈ تھرو پھینک کر گولڈ میڈل جبکہ نیرج چوپڑا نے 89.45 کی تھرو پھینک کر سلور میڈل اپنے نام کیا تھا۔