سسر بھینس کے بجائے 5، 6 ایکڑ زمین ہی دے دیتے، ارشد ندیم کا معصومانہ شکوہ

کراچی(این این آئی)اولمپک گولڈ میڈلسٹ فخر پاکستان ارشد ندیم نے کہا ہے میرے سسر نے بھینس دی ہے وہ تو اتنے امیر ہیں کہ پانچ چھ ایکڑ زمین ہی دے دیتے۔پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم سر بلند کرنے والے جیولن ہیرو ارشد ندیم کی وطن واپسی پر ملک بھر میں جہاں جہاں وہ جا رہے ہیں ان کی پذیرائی کی جا رہی ہے اور انہیں انعامات سے نوازا جا رہا ہے۔ قومی ہیرو کے سسر نے بھی گزشتہ دنوں اپنے داماد کو بھینس دینے کا اعلان کیا تھا۔ارشد ندیم نے دورہ کراچی کے دوران نجی ٹی وی کے پروگرام میں اہلیہ سمیت خصوصی شرکت کی اور میزبان کے معصومانہ سوالات کے جواب دیتے ہوئے ہنستے مسکراتے اپنی معصومانہ خواہش بھی بیان کر دی۔

جیولن ہیرو نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم تھا میری اہلیہ نے انٹرویو دیکھا اور مجھے بتایا کہ ابا جی نے بھینس تحفے میں دینے کا اعلان کیا ہے۔اس موقع پر ارشد ندیم نے ہنستے ہوئے ازراہ مذاق کہا کہ میں نے اتنا بڑا کارنامہ کیا اور سسر صاحب نے صرف بھینس پکڑا دی۔ میں نے اپنی بیگم سے کہا کہ صرف بھینس دی ہے، وہ تو ماشا اللہ اتنے امیر ہیں۔ ڈیڑھ دو مربع زمین ہے، پانچ یا چھ ایکڑ زمین ہی دے دیتے، لیکن بھینس دی یہ بھی اچھا کیا۔

انہوں نے حس مزاح کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ میں نے ان سے کہا تھا اپنے ابا جی سے کہو کہ پانچ چھ ایکڑ زمین دے دیں لیکن انہوں نے اب تک اپنے ابا سے نہیں کہا جس سے لگتا ہے کہ یہ اپنے والدین کا احساس کرتی ہیں۔ارشد ندیم جن کے تین بچے ایک بیٹی اور دو بیٹے ہیں نے خواہش کا اظہار کیا کہ میری خواہش ہے، جس طرح میں نے پاکستان کا نام روشن کیا، اسی طرح وہ بھی کسی نہ کسی شعبے میں پاکستان کا نام روشن کریں۔