اڈیالہ جیل میں عمران خان کی سہولت کاری معاملہ،مزید اہم انکشاف سامنے آ گئے

سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم نے قریبی سٹاف کو اہم پوائنٹس پر تعینات کررکھا تھا،اپنے اردلی ظہیر کو چوہدری پرویز الٰہی اور شاہ محمود قریشی کے ساتھ تعینات کر رکھا تھاجبکہ ہیڈ وارڈر زعفران کو جیل کے باہرسپیشل ملاقات پر تعینات رکھا کیاگیا تھا،ذرائع

راولپنڈی( نیوز ڈیسک ) راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سہولت کاری اور پیغام رسانی کرنے والے نیب ورک کے بارے میں مزید اہم انکشافات سامنے آگئے،سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم نے قریبی سٹاف کو اہم پوائنٹس پر تعینات کررکھا تھا، ہیڈ وارڈر زعفران کو جیل کے باہرسپیشل ملاقات پر تعینات رکھا کیاگیا تھاجبکہ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وارڈر یاسر ریاض کو پی بی اکاونٹ، سجاد صدیق کو تلاشی انچارج، شبیر فراز کو سامان تلاشی اور وی آئی پی موومنٹ پر تعینات رکھا گیا تھا اس کے علاوہ سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ نے اپنے اردلی ظہیر کو چوہدری پرویز الٰہی اور شاہ محمود قریشی کے ساتھ تعینات کر رکھا تھاجبکہ دوسرے اردلی جمیل کو شاہ محمود قریشی کے ساتھ نائٹ شفٹ میں تعینات کیا گیا ۔
سٹاف کے تمام ممبران کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کئے جانے کا امکان ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل سکیورٹی اداروں نے اڈیالہ جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کو حراست میں لے لیا تھا۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم پربانی پی ٹی آئی کی سہولت کاری کا الزام لگایا گیا تھا اور انہیں اختیارات سے تجاوز کرنے پر تحویل میں لیا گیاتھا۔ سکیورٹی اداروں کی جانب سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سے تحقیقات جاری ہیں۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پر خفیہ طور پر بانی پی ٹی آئی کیلئے پیغام رسانی کا بھی الزام تھا۔ سکیورٹی اداروں کی جانب سے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کو آگاہ کردیا گیا تھا۔ تحقیقات کے بعد ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کو پہلے ہی عہدے سے ہٹادیا گیا تھا۔
دونوں افسران کو 21 جون کو ان کے عہدوں سے ہٹایا گیا تھا، ان کی عمران خان کے ساتھ خصوصی ڈیوٹی لگی تھی اور یہ افسران سابق وزیر اعظم کے سیل تک جانے کے مجاز تھے۔واقعے کے بعد بانی پی ٹی آئی کے سیل کی سیکیورٹی پر تعینات اہلکاروں کی کڑی نگرانی کا فیصلہ بھی کیاگیاتھا۔سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم اڈیالہ جیل میں ہائی سیکیورٹی زون کے انچارج تھے اور انہیں 20 جون کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔محمد اکرم کی جگہ طاہر صدیق شاہ کو اڈیالہ جیل کا ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ مقرر کردیا گیا تھا۔