ارشد ندیم کو ملنے والی انعامی رقم پر کوئی ٹیکس کٹوتی نہیں ہوگی، آج انتہائی خوشی کا لمحہ ہے، یوم آزادی پر ارشد ندیم نے ہماری خوشیوں کو دوبالا کردیا ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف کاارشد ندیم کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وزیراعظم شہبازشریف نے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کیلئے 15 کروڑ روپے انعام کا اعلان کردیا، انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کو ملنے والی انعامی رقم پر کوئی ٹیکس کٹوتی نہیں ہوگی، آج انتہائی خوشی کا لمحہ ہے، یوم آزادی کے موقع پر ہماری خوشیوں کو دوبالا کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ استقبالیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج انتہائی خوشی کا لمحہ ہے، یوم آزادی کے موقع پر ہماری خوشیوں کو دوبالا کردیا ہے، آپ 40سال بعد میڈل نہیں لے کر آئے بلکہ آپ نے نیزہ پھینکنے کا اولمپک کا ریکارڈ قائم کیا ہے، ہر پاکستانی کا دل باغ باغ ہے۔
آپ بتا دیا کہ مشکلات سے گھبرانا نہیں چاہیے، بلکہ مسائل کا ہمت اور استقامت سے مقابلہ کرنا چاہیئے۔
جو آپ نے مثال پیرس میں قائم کی یہ ہم سب کیلئے روشن مثال ہے، ہم یوم آزادی منانے کی تیاریاں کررہے ہیں، آپ کی مثال سے مجھے اور پوری قوم کو حوصلہ ملا ہے۔ ہم انشاء اللہ پاکستان کو عظیم طاقت بنائیں گے۔ جہاں آپ کے کوچ بٹ کی کوشش ہے وہاں آپ کی والدہ تہجد کے وقت دعائیں بھی آپ کو لگی ہیں، ہم آپ کی والدہ کے شکرگزار ہیں، یہ کامیابی کا پودا ایک سایہ دار درخت بنے گا ، اس سے ہماری سوسائٹی میں بے شمار پودے ہرے بھرے ہوں گے۔
آنے والے وقتوں میں آپ کی کامیابی کے مزید ریکارڈ بنیں گے۔ حکومت کھیلوں کے حوالے سے کیا اقدامات کرسکتی ہے اس حوالے سے کمیٹی بنائی جارہی ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ارشد ندیم کیلئے 10کروڑ انعام کا اعلان کیا، سندھ حکومت نے ارشد ندیم کیلئے 5 کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا۔ میں وفاقی حکومت کی طرف سے ارشد ندیم کیلئے 15 کروڑ روپے انعام کا اعلان کرتا ہوں، انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کو ملنے والی انعامی رقم پر کوئی ٹیکس کٹوتی نہیں ہوگی۔