کھیلوں میں پاکستان کیلئے ایک اور بڑا اعزاز

لاہور( این این آئی)پنجاب یونیورسٹی کے کھلاڑیوںنے ملائیشیا ء میں ہونے والی ایشین روئنگ انڈو ر چمپئن شپ میںشرکت کرتے ہوئے شاندار کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے پہلی مرتبہ 9 میڈلز جیت کر تاریخ رقم کردی۔ پنجاب یونیورسٹی کے کھلاڑیوں نے 5 گولڈ، تین سلوراور ایک برونز میڈل حاصل کیا۔

ایونٹ میں بھارت، سعودی عرب ، ایران اور عراق سمیت 19ممالک سے ٹیموں نے حصہ لیا۔ پنجاب یونیورسٹی روئنگ ٹیم نے ڈائریکٹر سپورٹس زبیر احمد بٹ اور کوچ عبدالرحمن کی زیر نگرانی چیمپئن شپ میں حصہ لیا۔ چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والے پنجاب یونیورسٹی شعبہ اکنامکس کے عبدالرحمن نے 2 گولڈ اور ایک سلورمیڈل جیتاجبکہ ہیلی کالج کے زرک خان نے بھی 2 گولڈ میڈلز حاصل کئے۔ سپورٹس سائنسز کے گوہر ایوب نے 1 گولڈاور 1 سلور میڈل اپنے نام کیا۔ سپورٹس سائنسز کی اقراء نے 1 سلور اور1 برونز میڈل حاصل کیا۔

ٹیم ایونٹ میں پنجاب یونیورسٹی کے کھلاڑیوں نے دو گولڈ میڈل جیتے ۔پنجاب یونیورسٹی کے عبدالرحمن اور زرک خان کو چیمپئین شپ میں بیسٹ ٹائم پرفارمر بھی قراردیا گیا۔ اس شاندار تاریخی کامیابی وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کھلاڑیوں کو مبارکبادپیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے کھلاڑیوں نے ملک، ادارے اور قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ سپورٹس، کوچ اور کھلاڑیوں کی دن رات محنت رنگ لے آئی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی نے محدود وسائل کے باوجود ایونٹ میں شرکت کے لئے کھلاڑیوں کو15 لاکھ روپے فراہم کئے۔ اس موقع پر زبیر بٹ نے سپورٹس کو فروغ دینے اور سرپرستی کرنے پر وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا۔