ذاکر علی پر مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں نامعلوم افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا جو جان لیوا ثابت ہوا
مستونگ ( نیوز ڈیسک ) بلوچستان میں ڈپٹی کمشنر پنجگور قاتلانہ حملے میں جاں بحق، ذاکر علی پر مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں نامعلوم افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں اعلٰی سرکاری افسر قاتلانہ حملے میں جان کی بازی ہار گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بلوچستان میں مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں نامعلوم افراد کی جانب سے ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر علی کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر علی کو شدید زخمی حالت میں کوئٹہ منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج وہ زخموں کا تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔ نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ کے نتیجے میں ڈسٹرکٹ چیئرمین پنجگور اور رکن بلوچستان اسمبلی رحمت صالح بلوچ کے بھائی عبدالمالک بھی زخمی ہوئے، جنہیں کوئٹہ کے اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں فائرنگ کے واقعہ میں ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کی شہادت اور دیگر افراد کے زخمی ہونے پر گہرے رنج و دکھ کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔
یہاں جاری ایک بیان میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ مستونگ کے قریب پیش آنے والا دہشت گردی کا واقعہ قابل مذمت ہے، ذاکر بلوچ حکومت بلوچستان کے ایک باصلاحیت افسر تھے، جنہوں نے مختلف ذمہ داریاں بطریق احسن نبھائیں۔ شہید سول سروس کا ابھرتا ہوا درخشاں ستارہ تھے جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ واقعہ میں ملوث دہشت گرد عناصر کو معاف نہیں کیا جائے گا، دہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کریں گے ،دہشت گردوں کے خلاف لڑائی میں سب کو متحد ہوکر جواب دینا ہوگا، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے شہید ذاکر بلوچ کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی جبکہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
جبکہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی مستونگ کے علاقے میں ڈپٹی کمشنر پنجگور کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیاہے۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے فائرنگ سے زخمی 2افراد عبدالملک اور احمد جان کی جلد صحتیابی کیلئے بھی دعا کی۔ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کی شہادت پر دلی رنج ہوا ہے، ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ نے شہادت کا اعلیٰ رتبہ پایا۔وزیرداخلہ نے کہاکہ فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید ہونے والے ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔