قومی اسمبلی کے 3حلقوں میں دوبارہ گنتی کا کیس ،ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا فیصلہ کالعدم قرار

عدالت نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ بحال کرتے ہوئے ن لیگ کے تینوں امیدواروں کو کامیاب قرار دیدیا،سپریم کورٹ نے دو ایک کی اکثریت سے فیصلہ سنایا، جسٹس عقیل عباسی نے فیصلے سے اختلاف کیا

اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے 3حلقوں این اے 154لودھراں،این اے 81اوراین اے79گوجرانوالہ کے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ان حلقوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ بحال کردیا،سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے ن لیگ کے تینوں امیدواروں کو کامیا ب قرار دیدیا۔
عدالت عظمیٰ نے ن لیگی رہنماوں کی اپیلیں منظور کر لیں۔ سپریم کورٹ نے دو ایک کی اکثریت سے فیصلہ سنایا، جسٹس عقیل عباسی نے فیصلے سے اختلاف کیا۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی جس میں جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس عقیل احمد عباسی شامل تھے۔عدالت نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ن لیگ کے تینوں امیدوارں کو کامیاب قرار دیتے ہوئے ان کی رکنیت بحال کر دی۔
مسلم لیگ ن کے عبد الرحمن کانجو، اظہر قیوم نہرا اور ذوالفقار احمد نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اظہر قیوم ناہرہ نے این اے 81 سے اپنی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کے لاہورہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔عام انتخابات 2024 میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار چوہدری بلال 7791 ووٹوں کے فرق سے کامیاب قرار پائے تھے تاہم دوبارہ گنتی کی درخواست پرالیکشن کمیشن نے 3100 ووٹوں کے فرق سے اظہرقیوم کوکامیاب امیدوارقرار دیا تھا۔
دوبارہ گنتی کے دوران ناہرہ کے کم از کم 10 ہزار ووٹ منسوخ قرار دئیے گئے تھے۔اس کے بعد چوہدری بلال نے الیکشن کمیشن فیصلے کولاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا جس پرعدالت عالیہ نے 4 اپریل کو این اے 81 سے اظہر قیوم ناہرہ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قراردے دیا تھا جبکہ عدالت نے یہ بھی فیصلہ دیا تھاکہ الیکشن ٹریبونلز ک کام شروع ہونے کے بعد الیکشن کمیشن انتخابی تنازعات کے خلاف شکایات پر سماعت نہیں کرسکتا۔ این اے 154 لودھراں، این اے 81 گوجرانوالہ اور این اے 79 گوجرانوالہ میں اعتراضات عائد کئے گئے تھے۔بعدازاں الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی اپیلیں منظور کر لی تھیں۔ الیکشن کمیشن نے ن لیگ کے تینوں امیدواروں کے کامیابی کے نو ٹیفکیشن بھی جاری کر دیئے تھے۔