ارشد ندیم کو ملنے والی انعام رقم پر کوئی ٹیکس نہیں لگے گا، ترجمان ایف بی آرکی وضاحت

اسلام آباد(این این آئی) ترجمان ایف بی آر نے وضاحت کی ہے کہ قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو ملنے والی انعامی رقم پر کوئی ود ہولڈنگ ٹیکس نہیں لگے گا اور قومی ہیرو ارشد ندیم کے ساتھ ہرممکن تعاون کیا جائیگا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ممبر و ترجمان ایف بی آر بختیار محمد نے کہا کہ ارشد ندیم کوملنے والی انعامی رقم پرکوئی ٹیکس نہیں لگے گا،ارشد ندیم کو ملنے والے انعامات پر انکم یا ود ہولڈنگ ٹیکس کااطلاق نہیں ہوتا اور انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن 156 میں اولمپکس انعامات پر ٹیکس کا کوئی ذکر نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن156 میں صرف لاٹری، انعامی بانڈز،کوئز اور کمپنیوں کی جانب سے مارکیٹنگ کیلئے کروائی جانیوالی انعامی اسکیموں کے انعامات پر ود ہولڈنگ ٹیکس کا ذکر ہے۔ترجمان ایف بی آر نے کہا کہ اولمپین ارشد ندیم قومی ہیرو ہیں،ان کے ساتھ ہرممکن تعاون کیاجائیگا۔قبل ازیں ایف بی آر حکام کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کی انعامی رقم پر20فیصد ٹیکس لگے گا،ارشد ندیم واپڈا میں گریڈ 18 کے ملازم اور انکم ٹیکس فائلرز ہیں، انکم ٹیکس ایکٹ سیکشن 156 کے تحت 20فیصد ٹیکس لگتا ہے۔حکام نے بتایا تھا کہ ارشد ندیم کیلئے اب تک اعلان کردہ رقم کا حجم 30کروڑ روپے ہے اور اس پر 6کروڑ روپے ٹیکس بنتا ہے۔