اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں بتدریج اضافہ ہونے لگا۔ پی آئی اے کی جانب سے طیاروں سے پرندے ٹکرانے سے متعلق رپورٹ جاری کر دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ چھ ماہ کے دوران قومی ایئرلائن کے طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے 38 واقعات رپورٹ ہوئے، طیاروں سے پرندے ٹکرانے کی وجہ سے قومی ایئرلائن کو لاکھوں ڈالرز نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سب سے زیادہ پرندے ٹکرانے کے واقعات لاہور ایئرپورٹ پر پیش آئے، لاہور ایئرپورٹ پر کل 14 اور کراچی ایئر پورٹ پر گزشتہ 6 ماہ کے دوران 8 طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔
اسی طرح اسلام آباد ایئرپورٹ پر چھ ماہ کے دوران 7، ملتان ایئرپورٹ 4، سکھر، گلگت اور فیصل آباد ایئرپورٹ پر ایک، ایک پرندہ ٹکرانے کا واقعہ پیش آیا۔
بیرون ملک بھی قومی ایئرلائن کی پروازوں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات پیش آئے،جدہ اور دبئی ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے طیاروں سے ایک،ایک واقعہ رپورٹ ہوا۔
سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پرندے ٹکرانے کے واقعات میں اضافہ بڑھتی ہوئی آلودگی اور ان پر منڈلانے والے پرندوں کی تعداد بڑھنے کی وجہ ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی بھی بار بار خصوصی آلات لگانے کے اعلانات کے باوجود کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھا سکی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے باعث قومی ایئرلائن کو اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں جبکہ پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوتا ہے۔