زیادہ خوبصورت ہونے کے سبب خاتون تیراک پیرس اولمپکس سے باہر

ُُپیرس (این این آئی)پیرس اولمپکس 2024 میں پیراگوائے کی خاتون ایتھلیٹ کو ان کی خوبصورتی کی وجہ سے ایونٹ سے باہرکرنا پڑ گیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیرس اولمپکس کے دوران ایک عجیب واقعہ پیش آیا ہے جس میں پیراگوائے کی تیراک لوانا الونسو کو ان کے ہی ملک نے یہ کہہ کر مقابلے سے باہر کر دیا کہ وہ بہت خوبصورت ہیں لہٰذا وہ مقابلہ چھوڑ کر فوری اپنے ملک واپس لوٹ جائیں۔

رپورٹ کے مطابق وجہ یہ سامنے آئی کہ 20 سالہ خاتون تیراک لوانا الونسو کی خوبصورتی کا اثر ان کی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں پر پڑ رہا تھا جس سے ان کا کھیلوں سے دھیان ہٹ رہا تھا۔ وہ اولمپک ولیج کے مراعات سے بھی محروم ہوگئیں اور انہیں ان کے ملک نے واپس بلالیا۔پیرس اولمپکس کے آغاز سے ہی پیراگوائے کی لوانا الونسو اپنی دلکشی کے باعث چرچوں میں رہیں اور وہاں موجود شرکا کو کو مسحور کر رہی تھی مگر ان کی خوبصورتی انہیں لے ڈوبی۔