بجلی کا بھاری بل آنے پر 2 بچوں کے والد نے خود کشی کر لی

ملک طاہر نامی شہری 4 ماہ سے بے روزگار تھا، بجلی کا بھاری بل آںے پر بھائیوں سے بحث بھی ہوئی

ٹیکسلا ( نیوز ڈیسک ) بجلی کا بھاری بل آنے پر 2 بچوں کے والد نے خود کشی کر لی، ملک طاہر نامی شہری 4 ماہ سے بے روزگار تھا، بجلی کا بھاری بل آںے پر بھائیوں سے بحث بھی ہوئی ۔ تفصیلات کے مطابق بجلی کے بھاری بلوں کی صورتحال انتہائی تشویشناک شکل اختیار کر گئی ہے۔ آئے دن بجلی کے بلوں کی وجہ سے لڑائی جھگڑے، اموات ہونے کی خبریں سامنے آنے لگی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب کے شہر ٹیکسلا تھانے کی حدود میں ڈھوک سادو کے علاقے میں بجلی کا بھاری بل ادا نہ کرنے پر ایک شخص نے پنکھے سے لٹک کر خودکشی کر لی۔ خاندانی ذرائع نے بتایا کہ دو بچوں کا باپ ملک طاہر گزشتہ چار ماہ سے بے روزگار تھا اور بجلی کے بل کی مقررہ تاریخ گزر جانے کی وجہ سے پریشان تھا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ بل کی ادائیگی نہ کرنے پر ملک طاہر کی بھائیوں کے ساتھ بحث ہوگئی جس سے معاملات مزید سنگین ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق بدھ کو طاہر نے خود کو ایک کمرے میں بند کر کے اپنی جان لے لی، بعد ازاں پولیس نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی۔ ٹیکسلا پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش بھی شروع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل گوجرانوالہ میں ایک خاتون نے علاج کے پیسے بجلی کے بل کی ادائیگی میں خرچ ہونے پر دلبرداشتہ ہو کر خود کشی کر لی تھی۔
جبکہ بجلی کے بل کی وجہ سے گوجرانوالہ میں سگے بھائی کے قتل کی لرزہ خیز واردات پیش آنے کا انکشاف ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گوجرانوالہ میں پرنس روڈ پر بجلی کے بل کے پیسوں پر دو بھائیوں میں جھگڑا ہوگیا جس پر بڑے بھائی نے چھوٹے بھائی کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق دونوں بھائی محنت مزدوری کرتے اور ایک ہی مکان میں رہتے تھے، گھر کا بجلی کا بل 10 ہزار 500 روپے آیا تھا، بڑے بھائی نے آدھی رقم کا تقاضہ کیا تو چھوٹے بھائی نے انکار کردیا جس پر تلخ کلامی ہو گئی۔اس دوران بڑے بھائی نے چھریوں کے وار کرکے چھوٹے بھائی کو قتل کردیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔