اسلام آباد کی گلیاں تلاب کا منظر پیش کرنے لگیں ‘ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا
اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) ملک بھر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے جس کے باعث راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں طوفانی بارشوں کے باعث رین ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی ہے. موسلادھار بارشوں کے باعث اسلام آباد کی گلیاں تلاب کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اسلام آباد شہر کے نشیبی علاقوں کی سڑکوں پر پانی بھر رہا ہے، زیر تعمیر پارک روڈ پر نا ہموار سطح میں پانی بھرنا شروع ہو گیا ہے، سڑک کے ساتھ کچے حصے میں گاڑی پھنسنے کا اندیشہ ہے، ایکسپریس ہائی وے کے زیر تعمیر حصے کی نا ہموار سطح میں بھی پانی بھرنا شروع ہوگیا ہے.
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں طوفانی بارش کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے رابطہ کر کے نکاسی آب کے لئے چیئرمین سی ڈی اے کو ضروری ہدایات دے دیں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نکاسی آب کے لیے متعلقہ افسران اور عملہ فیلڈ میں موجود رہے، بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئےکار لائے جائیں، نالوں کی نگرانی کے لیے اضافی عملہ اور مشینری لگائی جائے.
وزیر داخلہ نے ہدایت دی کہ وفاقی دارالحکومت میںشاہراہوں، نالوں اور آبی گزرگاہوں کی مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے، انڈر پاسسز اور دیگر مقامات پر پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے، ٹریفک کی روانی کے لیے ٹریفک پولیس فعال انداز میں فرائض سرانجام دے انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران شہریوں کی مشکلات کے ازالے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے.
ادھرگولڑہ میں بھی موسلادھار بارش کے موسم بہتر ہوگیا، مری روڈ پر لینڈ سلائڈنگ سے 6 افراد زخمی ہوگئے، مری میں لینڈ سلائڈنگ سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اربن فلڈ کا خدشہ ظاہر کردیا جس کے بعد انتظامیہ نے رین ایمرجنسی نافذ کردی ہے. لاہور میں کہیں بوندا باندی اور کہیں ہلکی بارش کے بعد موسم بہتر ہوگیا، جہلم اورگردانواح میں بھی ہلکی بارش سے درجہ حرارت میں کمی آگئی، این ڈی ایم اے نے لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، سرگودھا، گجرات، راولپنڈی، اسلام آباد اور گردو نواح میں سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے اس کے علاوہ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے جل تھل ہوگیا اور کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے، اعوان کالونی،کالج روڈ، موہن پورا، راجا بازار میں نکاسی بارش کا پانی جمع ہوگیا موسلادھار بارش کے بعد راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، اب تک راولپنڈی میں 65 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ راولپنڈی میں 13 ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں.
شمس آباد میں 58 ملی میٹر، سعدپور میں 51 ، گولڑہ میں 47 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، گوالمنڈی میں نالہ لئی پر پانی کی سطح 10 فٹ ہوگئی جس کے بعد پری الرٹ جاری کردیا گیا راولپنڈی میں جماعت اسلامی کے دھرنے کے مقام پر بارش کا پانی جمع ہوگیا اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے شہر ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں طوفانی بارشوں کے بعد ندی نالے بپھر گئے، بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، ضلعی انتظامیہ نے وادی کاغان سمیت بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے سیاحوں کو لینڈ سلائیدنگ والے مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے.
سندھ کے شہر سانگھڑ میں بارش کے بعد نشیبی علاقوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، سانگھڑ اور گردونواح میں موسلادھار بارش کے بعد نشیبی علاقوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش کی پیش گوئی کردی ہے. چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ کراچی میں اگست سے موسم خوشگوار ہوگا، شہر میں آج دن میں ہلکی بارش کا امکان ہے، آج رات ا سے موسلادھار بارش کا امکان ہے، شہرمیں سمندری ہوائیں سست رفتاری سے چل رہی ہیں، شہر میں حبس کی کیفیت ہے، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ تک جانے کا امکان ہے، تیسرے اسپیل سے مختلف علاقوں میں 40 سے 50 ملی میٹر بارش کا امکان ہے.
دوسری جانب آزاد کشمیر میں بھمبر اور دیگر مقامات پر بھی تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، این ڈی ایم اے نے وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلیاں اور کوٹلی میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا ہے.