پنجاب میں خوشحالی سروے کا آغاز

رجسٹرڈ شہری ای بائیک، سولر پروگرام و دیگر سکیموں کیلئے اپلائی کرنے کے اہل ہوں گے

لاہور ( نیوز ڈیسک ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر پنجاب میں سوشیواکنامک رجسٹری پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا جس کو خوشحالی سروے کا نام دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ویڈیولنک ہدایات جاری کیں اور ڈپٹی کمشنرز کو سوشیو اکنامک رجسٹری کی مانیٹرنگ کا ٹاسک سونپ دیا، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے رجسٹریشن سنٹرزپر رجسٹریشن کے لئے عوام کو آسانی فراہم کرنے کی ہدایت کی، صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت عظمیٰ زاہد بخاری اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
بتایا گیا ہے کہ سوشیو اکنامک رجسٹری کے تحت صوبہ بھر میں گھروں اور ہر گھرانے کا معاشی سٹیٹس بھی درج کیا جائے گا، سوشیو اکنامک رجسٹری کے تحت دیہات میں عوام گھر سے بیٹھ کر پورٹل پر بھی خود کو رجسٹرڈ کراسکتے ہیں اور ہیلپ لائن 080002345 پر بھی رجوع کرسکتے ہیں، سروے میں مویشیوں کو بھی شمار کیا جائے گا، سوشیو اکنامک رجسٹری کے لیے صوبے بھر میں پانچ ہزار رجسٹریشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، عوام گھر سے بیٹھ کر پورٹل پر بھی خود کو رجسٹرڈ کراسکتے ہیں اور اس مقصد کے لیے ہیلپ لائن 080002345 پر بھی رجوع کر سکتے ہیں، اس کے علاوہ رجسٹریشن کے لیے آن لائن ویب پورٹل www.pser.punjab.gov.pk پر بھی اپنے کوائف کا اندراج کیا جا سکتا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ سوشیو اکنامک رجسٹری میں رجسٹریشن کروانے والے افراد ہی سوشل پروٹیکشن پراجیکٹ کے حقدار ہوں گے، رجسٹرڈ شہری ای بائیک، روشن گھرانہ سولر پروگرام، ہمت کارڈ، کسان کارڈ، ہیلتھ کارڈ، لائیو سٹاک کارڈ اور سکالر شپ پروگرام سمیت دیگر سوشل پروٹیکشن پروگرام میں اپلائی کرنے کے اہل ہوں گے، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا کہنا ہے کہ مستند ڈیٹا ہونے سے حق اصل حقدار کو ہی ملے گا، عوام کے لیے سوشیو اکنامک رجسٹری پراجیکٹ میں رجسٹریشن کو آسان بنایا ہے، اس پراجیکٹ سے حکومت کو لوگوں کے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔