غیرملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے میں ملوث نادرا کا اسسٹنٹ ڈائریکٹر گرفتار

ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔ ترجمان ایف آئی اے کا بیان

اسلام آباد ( کرائم ڈیسک ) غیرملکی شہریوں کو پاکستان کا شناختی کارڈ جاری کرنے میں ملوث نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے کی جانب والی کارروائی کے دوران افغان شہریوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے میں ملوث نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر گرفتار کیا گیا ہے، ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر افغان شہریوں کو پاکستانی شناختی کارڈ جاری کیے تھے، اس جرم میں ملوث ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔
دوسری طرف وفاقی تحقیقاتی ادارے نے جعلی طریقے سے شناختی کارڈ بنوانے والے 2 افغان شہریوں سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا، نادرا آفس چارسدہ کے حکام کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئےجعلی طریقے سے شناختی کارڈ بنوانے والے 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ان ملزمان میں 2 پاکستانی اور 2 افغان شہری شامل ہیں، افغان شہری پاکستانی شناختی کارڈ بنوانے نادرا آفس گئے تھے جب کہ کرم کے رہائشی 2 ملزمان افغان شہریوں کوپاکستانی شناختی کارڈ بنانے میں سہولت فراہم کر رہے تھے۔
قبل ازیں ایف آئی اے کے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے کارروائی کرکے جعلی شناختی کارڈ بنانے پر نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے 4 افسران گرفتار کیے تھے، گرفتارملزمان میں طاہر، عدنان، عامرخان اور طیب شامل تھے، ملزمان نادرا میگا سینٹر میں بطور ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور سنئیر ایگزیکٹیو تعینات رہے، ملزمان نے 2019ء اور 2020ء میں غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کیے۔
بتایا گیا کہ ملزمان لوگوں کا بائیومیٹرک لےکر فیملی ٹری میں افغان شہریوں کا اندراج کرتے تھے، ملزمان دیہاڑی دار مزدور اور نشے کے عادی لوگوں کو افغان شہریوں کا والد ظاہر کرتے تھے، گرفتار ملزمان نے اپنی تعیناتی کے دوران متعدد شناختی کارڈز جاری کیے، ملزمان نے شناختی کارڈ جاری کرنے کی آڑ میں بھاری رقوم وصول کیں۔