سائلین کو کیسز کی معلومات میسجز، ای میل، واٹس ایپ کے ذریعے ملا کرے گی، کیسز دائر ہونے سے فیصلہ ہونے تک ہر تاریخ کا اسٹیٹس آن لائن دستیاب ہوگا
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی عدالتوں میں جدید ڈیجیٹل سسٹم کا آغاز ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق سائلین کی سہولت کے لیے اسلام آباد ضلعی عدلیہ میں جدید ڈیجیٹل سسٹم کا آغاز ہو گیا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے مینجمنٹ سسٹم انفارمیشن کا افتتاح کر دیا، اسلام آباد ہائیکورٹ آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے انچارج عمر رشید ڈار نے ڈیجیٹل سسٹم تیار کیا ہے، جس میں کیسز دائر ہونے سے فیصلہ ہونے تک ہر تاریخ کا اسٹیٹس آن لائن دستیاب ہوگا۔
بتایا گیا ہے کہ یہ جدید سسٹم اسلام آباد ہائیکورٹ، ضلعی عدلیہ ، بار اور نادرا کو آپس میں کنیکٹ کرے گا، سسٹم کا منفرد پہلو اسلام آباد جوڈیشری کا ایک سنٹرلائزڈ ڈیٹا سنٹر ہے، یہ سنٹرلائزڈ ڈیٹا ایپ اور سنٹرلائزڈ ڈیٹا بیس پر مشتمل ہوتا ہے، سسٹم کے ذریعے سائلین کو کیسز کی معلومات میسجز، ای میل اور واٹس ایپ کے ذریعے ملا کرے گی، ڈسٹرکٹ کورٹس میں آن لائن کیسز کی معلومات کے لئے (کیوسک) مشین نصب ہوگی۔
معلوم ہوا ہے کہ جدید سسٹم کے تحت ون ونڈو انفارمیشن ڈیسک اور مصدقہ کاپی مینجمنٹ سسٹم کا بھی آغاز ہوگا، اسی طرح وکلاء اور ان کے لائسنس کا اسٹیٹس بھی آن لائن سسٹم پر موجود ہوگا، یہ ڈیجیٹل سسٹم عدلیہ میں مزید شفافیت اور مزید کارکردگی کے لیے مددگار ثابت ہوگا، اس کے علاوہ یہ ڈیجیٹل سسٹم پولیس، پراسیکیوشن اور جیل اتھارٹیز کے ساتھ بھی منسلک ہوگا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے کہا ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا زمانہ ہے، ٹیکنالوجی بڑھ رہی ہے، اگر ٹیکنالوجی کا استعمال نہ کیا تو ہم پیچھے رہ جائیں گے، وکلاء کو پیغام دینا چاہتا ہوں ٹیکنالوجی میں خود کو بہتر کریں، ٹیکنالوجی میں خود کو بہتر کریں ورنہ دنیا آپ سے آگے نکل جائے گی، ریسرچ کے طریقہ کار اب تبدیل ہوگئے ہیں، کِلک کرنا ہے اور متعلقہ قانون سامنے آجائے گا، کچہری میں وکلاء اور سائلین کے لیے سہولیات دی ہیں جو مزید فراہم کی جائیں گی۔