جماعت اسلامی کا احتجاج و دھرنا، وفاقی پولیس کی پکڑ دھکڑ، پلان بی بھی سامنے آگیا

اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) جماعت اسلامی کے اسلام آباد میں احتجاج اور دھرنے کے پیش نظر وفاقی پولیس نے پکڑ دھکڑ شروع کر دی۔
ڈی چوک پہنچنے والے جماعت اسلامی کے متعدد ارکان کو حراست میں لے لیا گیا، پولیس نے حراست میں لیے گئے 7 مظاہرین کو تھانہ کوہسار منتقل کر دیا۔

انتظامیہ نے اسلام آباد ریڈ زون کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا، احتجاج کے باعث مری روڈ ٹریفک کیلئے مکمل بند ہے، اسلام آباد ایکسپریس وے پر بھی کنٹینرز لگا دیئے گئے ہیں۔

مرکزی شاہراہیں بند ہونے سے شہر میں ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، صدر سٹیشن سے پاک سیکرٹریٹ تک میٹرو بس سروس بھی مکمل طور پر بند ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد، لاہور اور ملتان سمیت مختلف شہروں میں پولیس نے جماعت اسلامی کے کارکنوں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا، لاہور میں 110 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا کہ کارکن ملک کے ہر حصے سے قافلوں کی صورت میں اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہیں، بجلی کے بھاری بلوں اور مہنگائی کیخلاف دھرنا ضرور ہوگا۔

پکڑ دھکڑ گرفتاریاں، جماعت اسلامی کا پلان بی سامنے آگیا

جماعت اسلامی کا ڈی چوک میں کارکنان کی گرفتاریوں اور رکاوٹوں کے بعد پلان بی سامنے آ گیا، جماعت اسلامی نے تین مقامات پر دھرنے دینے کا فیصلہ کر لیا، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف کے مطابق مری روڈ راولپنڈی پر دھرنا دیا جائے گا، امیر العظیم قیادت کریں گے، ڈاکٹر اسامہ رضی نائب امیر ، صوبائی اور ضلعی قیادت بھی لیڈ کرے گی۔

قیصر شریف کے مطابق زیرو پوائنٹ اسلام آباد پر دھرنا دیا جائے گا، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان قیادت کریں گے، نائب امیر لیاقت بلوچ ، میاں محمد اسلم ، صوبائی اور اسلام آباد کی قیادت شریک ہو گی۔

تیسرا دھرنا 26 نمبر چونگی پر ہو گا، نائب امیر ڈاکٹر عطا الرحمان، پروفیسر محمد ابراہیم اور صوبائی قیادت لیڈ کرے گی، مطالبات کی منظوری تک جماعت اسلامی کے دھرنے جاری رہیں گے۔

قیصر شریف نے مزید کہا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی ہدایت پر جہاں رکاوٹ ہو گی وہیں دھرنا ہو گا، اب جماعت اسلامی کا ایک نہیں کئی دھرنے ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ کارکنان پر تشدد اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہیں، حکومت فسطائیت پر اتر آئی ، ہماری توقع سے بڑی تعداد میں لوگ دھرنے میں شرکت کے لیے نکلے ہیں، اب تک 1150 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

قیصر شریف کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں میں کمی، تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کو ختم کرنے تک دھرنے جاری رہیں گے، جماعت اسلامی 25 کروڑ عوام کی جنگ لڑ رہی ہے۔