عمران خان نے کہا ہے کہ فوج پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی ہے نیوٹرل ہو جائے،علیمہ خان

آج جیل میں ہمارے وکلا کو اندر جانے نہیں دیا گیا، جج صاحب کو پولیس والوں نے بتایا کہ وکلا نہیں آئے ،ہم نہیں چاہتے فوج اور عوام کو آمنے سامنے کیا جائے،بانی پی ٹی آئی کی بہن کی اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو

راولپنڈی( نیوز ڈیسک ) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کا کہناہے کہ عمران خان نے کہا ہے کہ فوج پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی ہے، نیوٹرل ہو جائے،موجودہ حکومت چاہتی ہے کہ پی ٹی آئی اور فوج آمنے سامنے ہوں،ن لیگ اور پیپلز پارٹی اخلاقی طور ہار چکے ہیں۔اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی بہن نے مزید کہا کہ آج جیل میں ہمارے وکلا کو اندر جانے نہیں دیا گیا۔
جج صاحب کو پولیس والوں نے بتایا کہ وکلا نہیں آئے اور جج صاحب سماعت برخاست کرکے کمرہ عدالت سے چلے گئے۔علیمہ خان نے کہا کہ ہماری ملاقات بانی پی ٹی آئی سے ہوئی ہے، وکلا کو اندر نہیں جانے دیا گیا۔ اڈیالہ جیل کرنل کے ہاتھ میں ہے۔ہم نہیں چاہتے فوج اور عوام کو آمنے سامنے کیا جائے۔
ملک میں رول آف لا اور جمہوریت نہیں ہوگی تو ملک آگے کیسے چلے گا؟۔

علیمہ خان نے مزید بتایا کہ عمران خان نے کہا کہ 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیجز نکالیں۔ معلوم ہو جائے گا کہ9مئی کا ذمے دار کون ہے؟ بے گناہ لوگوں کو چھوڑا جائے، اصل ملزمان کے خلاف کیسز چلائے جائیں۔ملک میں کاروبار تباہ ہوچکا ہے۔ لوگ ملک چھوڑ کر چلے گئے۔خیال رہے کہ آج اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 190 ملین پاونڈ ریفرنس میں ملزم اور ان کے وکلا کی عدم حاضری پر سماعت 30 جولائی تک ملتوی کردی اور وکلا صفائی کو گواہوں پر جرح کی آخری وارننگ دے دی۔
احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد علی وڑائچ نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت کی۔سماعت کے دوران وکلا صفائی عدالت میں پیش نہ ہوئے جبکہ 10 بجے سماعت کے موقع پر دونوں ملزمان بھی عدالت پیش نہ ہوئے۔10 بجے سماعت کے آغاز پر وکلا صفائی عدالت موجود نہ تھے، جس کی وجہ سے 10 بجے شروع ہونے والی سماعت ایک گھنٹے کیلئے ملتوی کی گئی۔معاون وکیل خالد یوسف چوہدری نے 11 بجے سماعت پر عدالت میں مو¿قف اپنایا کہ سینیئر وکلا راستہ میں ہیں کچھ دیر میں پہنچ رہے ہیں۔عدالت نے وکلا صفائی کو جرح کی آخری وارننگ دے دی اور ریفرنس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 30 جولائی تک ملتوی کر دی۔