مسلسل دوسرے روز ملک کے کئی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے

خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا

سوات ( نیوز ڈیسک ) مسلسل دوسرے روز ملک کے کئی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے، خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کی شب کو خیبرپختونخواہ کے سوات ریجن کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں کی شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے شہری خوفزدہ ہو کر گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
اس دوران شہری باآواز بلند کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔
زلزلہ پیما مرکز کئے مطابق زلزلے کی شدت 4 عشاریہ 2 جبکہ مرکز پاکستان، افغانستان اور تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔ واضح رہے کہ ان علاقوں میں مسلسل دوسرے دن زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ گزشتہ روز بھی سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق گزشتہ روز ضلع سوات اور گردونواح میں 4.7 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ گزشتہ روز کے زلزلے کی زیر زمین گہرائی 205 کلو میٹر تھی جبکہ مرکز ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔ یاد رہے کہ 18 جولائی کو بھی مانسہرہ، ایبٹ آباد اور سوات سمیت خیبرپختونخوا کے کئی شہروں اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے۔