اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) بڑے شہروں کے چھوٹے تاجروں سے فکسڈ ٹیکس وصولی کا آغاز کر دیا گیا۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے چھوٹے دکانداروں کیلئے ماہانہ ٹیکس سکیم کا ایس آر او جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 42 شہروں کے چھوٹے دکانداروں سے ماہانہ 100 روپے سے 20 ہزار تک ٹیکس وصول کیا جائے گا، ٹیکس کا تعین علاقے اور دکان کے سائز کے تحت کیا جائے گا۔
ایف بی آر کے نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ عارضی کھوکھوں کو ماہانہ ایڈوانس ٹیکس سے استثنیٰ دیا گیا ہے، ایس آر او کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ریٹیلرز سکیم ایبٹ آباد، اٹک، بہاولنگر، بہاولپور، چکوال میں نافذالعمل ہوگی، ڈیرہ اسماعیل خان، فیصل آباد، گھوٹکی، گجرات، گوادر میں بھی تاجروں کی رجسٹریشن ہوگی، حافظ آباد، ہری پور، حیدرآباد، اسلام آباد، جھنگ، جہلم اور کراچی بھی فہرست میں شامل ہیں۔
اسی طرح قصور، خوشاب، لاہور، لاڑکانہ، لسبیلہ، لودھراں، منڈی بہاؤالدین میں تاجر دوست سکیم کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مانسہرہ، مردان، میرپورخاص، ملتان، ننکانہ، نارووال، پشاور میں بھی رجسٹریشن کی جا رہی ہے، کوئٹہ، رحیم یار خان، راولپنڈی، ساہیوال، سرگودھا، شیخوپورہ، سیالکوٹ، سکھر اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی تاجر دوست سکیم نافذ کر دی گئی ہے۔