خیبرپختونخواہ کے کئی شہر شدید زلزلے سے لرز گئے

خیبرپختونخواہ کے مختلف شہروں میں رات گئے زلزلے نے خوف و ہراس پھیلا دیا

پشاور ( نیوز ڈیسک ) ملک کے کئی شہر شدید زلزلے سے لرز گئے۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے مختلف شہروں میں رات گئے زلزلے نے خوف و ہراس پھیلا دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کی شب کو پشاور، سوات دیر بالا سمیت خیبرپختونخواہ میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے اس قدر شدید تھے کہ لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے جانے پر لوگ فوری گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ اس دوران لوگ باآواز بلند کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلہ پیما مرکز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کی گہرائی 211 کلومیٹر زیر زمین جبکہ مرکز ہندو کش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔ تاہم زلزلے کے باعث تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔