ریاض سے پشاور پہنچنے والی پرواز میں فنی خرابی‘ ٹائروں میں آگ لگ گئی

فائیر اینڈ ریسکیو سروسز نے لینڈنگ گئیر میں ہونے والی آتشزدگی پر فوراً قابو پاکر جہاز کو بڑے حادثہ سے بچا لیا

پشاور ( نیوز ڈیسک ) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سے پشاور پہنچنے والی پرواز میں فنی خرابی کے باعث کریش لینڈنگ سے طیارے میں آگ لگ گئی۔ تفصیلات کے مطابق غیرملکی پرواز کے لینڈنگ گیئر میں فنی خرابی ہوئی، پرواز کے پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول کی رہنمائی سے طیارے کو انتہائی مہارت سے ایئرپورٹ پر اتارا، تاہم طیارے نے جب پشاور ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی تو اس کے ٹائروں میں چنگاریاں نکلنا شروع ہوگئیں۔
ترجمان سول ایوی ایشن نے بتایا ہے کہ ریاض سے پیشاور پہنچنے والی سعودی ائیرلائن کے لینڈنگ گئیر میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، سعودی ائیرلائن ایس وی 792 کی پشاور ائیرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد ائیر ٹریفک کنٹرولر نے طیارے کے بائیں لینڈنگ گئیر میں دھواں اٹھتا ہوا اور چنگاریاں دیکھیں تو ائیر ٹریفک کنٹرولر نے پائلٹ کو فوری اس سے آگاہ کیا، سول ایوی ایشن ائیر ٹریفک کنٹرولر نے فوراً فائیر اینڈ ریسکیو سروسز کو مطلع کیا جو بروقت موقع پر پہنچ گئے، فائیر ٹینڈرز نے بروقت کارروائی کی اور لینڈنگ گئیر میں ہونے والی آتشزدگی پر فوراً قابو پاکر جہاز کو بڑے حادثہ سے بچا لیا، تمام 276 مسافر اور عملہ کے 21 ارکان انفلیٹبل سلائیڈ کے ذریعے بحفاظت جہاز سے باہر آئے۔

دوسری جانب ایک اور واقعہ میں غیرملکی ایئرلائن کی پرواز میں خاتون مسافر کے انتقال کے باعث طیارے کو کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑگئی، فلائی دبئی کی یہ پرواز دبئی سے کولمبو جارہی تھی کہ اس دوران پرواز میں سوار خاتون مسافر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئی، جس کی وجہ سے اس غیر ملکی ائیر لائن کے طیارے کو ہنگامی بنیادوں پر کراچی میں لینڈنگ کروائی گئی۔
ایوی ایشن ذرائع نے بتایا کہ فلائی دبئی کی فلائیٹ ایف زیڈ 569 دبئی سے بذریعہ بنکاک کولمبو کی جانب پرواز کر رہی تھی کہ کراچی کے قریب بحیرہ عرب پر پرواز کے دوران بوئنگ 737 میکس 8 طیارے میں سوار خاتون مسافر کی طبیعت اچانک خراب ہوئی، طیارے کے پائلٹ نے ائیر ٹریفک کنٹرول کراچی سے رابطہ کیا، جس کے بعد طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کی اجازت دے دی گئی، کراچی ائیرپورٹ پر پرواز کے اترنے کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم نے خاتون مسافر کا معائنہ کیا تو اس وقت تک وہ انتقال کر چکی تھیں، بعد ازاں ایئرپورٹ پر تعینات ہیلتھ آفیسر کی جانب سے ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کیے جانے کے بعد پرواز خاتون کی میت کو ہمراہ لے کر اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگئی۔