22 سال قبل لاپتا ہونے والے امریکی کوہ پیما کی جمی ہوئی لاش مل گئی

ولیم سٹامپفل ، انکی ٹیم جون 2002ء میں برفانی چوٹی سر کرتے برفانی تودے کی زد میں آگئی تھی، لاش کے پاس سے ولیم کا پاسپورٹ بھی ملا جس سے پولیس کو شناخت میں مدد ملی

لیما ( نیوز ڈیسک ) پیرو میں 22 سال قبل لاپتا ہونے والے امریکی کوہ پیما کی جمی ہوئی لاش مل گئی۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی کوہ پیما 22 سال قبل پیرو میں برفانی چوٹی کو سر کرتے ہوئے لاپتا ہوگیا تھا جس کے بعد اب موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے برف پگھلنے سے اس کی لاش ملی۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق ولیم اسٹامپفل نامی کوہ پیما اور ان کی ٹیم جون 2002ء میں برفانی چوٹی کو سر کرتے ہوئے برفانی تودے کی زد میں آگئی تھی جس کے بعد ان کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا تھا جو کہ ناکام رہا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لاپتا ہونے والے امریکی کو پیما کی اُس وقت عمر 59 سال تھی اور انہیں یہ حادثہ 22 ہزار فُٹ بلندی پر پیش آیا تھا، اطلاعات کے مطابق برفانی تودے کے باعث پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں امریکی کوہ پیما اُسی مقام پر دفن ہوگئے تھے۔
پیرو پولیس کے مطابق کورڈیلیرا بلانکا رینج پر برف پگھلنے سے امریکی کوہ پیما کی لاش برآمد ہوئی۔

پولیس کی جانب سے جاری کی گئی تصاویر کے مطابق امریکی کوہ پیما کی لاش کے ساتھ ساتھ ان کے کپڑے اور جوتے بھی سرد موسم کی وجہ سے محفوظ تھے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق لاش کے پاس سے ولیم اسٹامپفل کا پاسپورٹ بھی ملا جس سے پولیس کو لاش شناخت کرنے میں مدد ملی۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق اس سے قبل رواں سال مئی میں ایک اسرائیلی کوہ پیما کی لاش لاپتا ہونے کے تقریباً ایک ماہ بعد اسی علاقے سے ملی تھی۔