وزیراعلیٰ پنجاب نے بارش کے باعث چھت گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا
ملتان ( نیوز ڈیسک ) ملتان میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ماں بیٹی جاںب حق، والد اور بیٹا زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق افسوسناک واقعہ چوک شہیداں نالہ ولی محمد میں پیش آیا جہاں بارش کے باعث مکان کی کچی چھت بوسیدہ ہوکر گرنے سے گھر کے افراد نیچے دب گئے، ملبے تلے دب جانے سے ماں بیٹی دم توڑ گئیں جب کہ باپ اور بیٹا شدید زخمی ہوگئے، جاں بحق افراد میں صائمہ بی بی اور چار سالہ ثانیہ شامل ہیں، 50 سالہ ریاض اور معراج کو زخمی حالت نکال لیا گیا، جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو نشتر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ملتان میں بارش کے باعث چھت گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، اس افسوسناک واقعے کی اطلاع ملنے پر وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے سوگوار خاندان سے ہمدردی و تعزیت کااظہار کیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے صوبہ بھر میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظرانتظامیہ کو ہائی الرٹ کردیا، وزیر اعلیٰ نے اربن فلڈنگ کے پیش نظر حفاظتی اور ضروری انتظامی اقدامات کی ہدایت کی ہے، مریم نواز نے نکاسی آب کے لیے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور واساز کو متحرک رہنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لاہور میں بارش کے پانی کے بروقت اخراج کے لئے کاوشیں قابل تحسین ہیں، بارشوں کے پانی کے نکاس تک متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہیں، انتظامیہ اور واسا متحرک رہیں، نکاسی آب کے لیے وسائل بروئے کار لائے جائیں، کسی سڑک پر بارش کا پانی زیادہ دیر تک جمع نہیں ہونا چاہیے، سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پی ڈی ایم اے کے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، شہریوں کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے، جن کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔