احتساب عدالت اسلام اباد کے جج محمد علی وڑائچ نے اڈیالہ جیل میں سماعت کی
راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) احتساب عدالت نے بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں عبوری ضمانت منظور کر لی۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت اسلام اباد کے جج محمد علی وڑائچ نے اڈیالہ جیل میں سماعت کی جہاں ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی نے اپنے دلائل میں کہا کہ بشریٰ بی بی عدت میں نکاح کیس میں سزا کاٹ رہی ہیں، بشریٰ بی بی کی گرفتاری مطلوب نہیں ہے، چیئرمین نیب نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کیے، جب وارنٹ گرفتاری جاری نہیں ہوئے تو درخواست ضمانت غیر موثر ہے، 10 ماہ قبل بھی ہمارا یہی موقف تھا کہ بشری بی بی کے وار وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کیے۔
بتایا گیا ہے کہ سماعت کے دوران استغاثہ کے تین گواہان پر وکلاء صفائی نے جرح مکمل کی جب کہ ریفرنس میں مجموعی طور پر 27 گواہان پر جرح مکمل کی جا چکی ہے، بعد ازاں احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد علی وڑائچ نے سابقہ خاتون اول کی عبوری ضمانت منظور کرلی اور ریفرنس کی مزید سماعت 5 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔
بتایا جارہا ہے کہ تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی گئی تاہم ان کی ضمانت منظور ہونے کے باوجود بشریٰ بی بی کو رہا نہیں کیا جاسکتا کیوں کہ سابقہ خاتون اول عدت میں نکاح کیس میں سزا کاٹ رہی ہیں۔
اسی طرح چند روز قبل احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت پر رہائی کی روبکار بھی جاری کی، احتساب عدالت میں 190 ملین پاؤنڈز نیب ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے ضمانتی مچلکے عدالت میں جمع کرا دیئے گئے ، جس کے ببعد احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے عمران خان کی ضمانت پر رہائی کی روبکار جاری کردیے ، اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے 15 مئی کو عمران خان کی ضمانت منظور کی تھی، تاہم بانی پی ٹی آئی دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے باعث رہا نہیں ہو سکیں گے۔