سندھ میں 9 اور10محرم الحرام کو ڈبل سواری پر پابندی عائد،محکمہ داخلہ پنجاب نے سیکورٹی کے حوالے سے گائیڈ لائن جاری کر دیں
لاہور( نیوز ڈیسک ) محرم الحرام کے موقع پر پنجاب اور سندھ حکومت نے دفعہ 144نافذ کر دی،سندھ میں 9اور10محرم الحرام کو ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی،فوج اور رینجرز کو بھی تعینات کر دیاگیا،محکمہ داخلہ پنجاب نے سیکورٹی کے حوالے سے گائیڈ لائن جاری کر دیں جبکہ سندھ حکومت نے پابندی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔تفصیلات کے مطابق محرم الحرام کیلئے سکیورٹی انتظامات بارے محکمہ داخلہ پنجاب میں اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے کی ۔
اجلاس میں سپیشل سیکرٹری داخلہ، کمشنر اور ڈی سی لاہور، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، ایس پی یو اور تمام حساس اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی جبکہ پنجاب بھر سے کمشنرز، آر پی اوز، ڈی سیز اور ڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی۔
محرم الحرام کے دوران پنجاب میں 37376مجالس ہونگی جن کیلئے سکیورٹی پلان تشکیل دیدیا گیا۔صوبہ بھر میں محرم الحرام کے 10426 جلوس نکالے جائیں گے۔طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی اور مقام پر جلوس، مجلس کی اجازت نہیں ہوگی۔اجلاس میں اشتعال انگیزی کے خطرے کے پیشِ نظر 1200افراد کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔سیکرٹری داخلہ محکمہ پنجاب نور الامین مینگل کا کہنا ہے کہ صوبے میں 502 مقامات کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
فوج اور رینجرز بھی تعینات ہوگی۔تمام ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے اضلاع میں امن کمیٹیوں کو متحرک کیا جائے۔تمام مجالس اور جلوسوں کی مکمل مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔سوشل میڈیا پر بھی نفرت انگیزی کی اجازت نہیں دیں گے۔ خلاف ورزی پر سخت ایکشن ہو گا۔ خلاف قانون لاو¿ڈ سپیکر کے استعمال کی بھی اجازت نہیں ہو گی۔ دریں اثناءمحرم الحرام کے سلسلے میں سندھ بھر میں دفعہ 144 نافد کر دی گئی جبکہ 9 اور 10 محرم کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کر دی گئی۔
محکمہ داخلہ سندھ نے پابندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق صوبے بھر میں محرم کے دوران لائسنس یافتہ اسلحہ لیکر چلنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، قانون نافد کرنے والے اداروں کے سوا کسی کو اسلحہ لیکر چلنے کی اجازت نہیں ہے۔نوٹی فکیشن کے مطابق مجالس اور امام بارگاہ کے علاوہ 5 افراد سے زیادہ کھڑے ہونے پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ ہوٹلز اور عوامی مقامات پر وی سی آر اور فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کر دی گئی۔
محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق ڈبل سواری کی پابندی سے خواتین ، 12 سال سے کم عمر بچے ، بزرگ شہری ، صحافی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے افسران و اہلکار مستثنیٰ ہوں گے۔محکمہ داخلہ نے سندھ ساو¿نڈ سسٹم ایکٹ 2015 کے تحت لاو¿ڈ اسپیکر کے بے جا استعمال اور محرم کی مجالس و جلوس کے دوران ڈرونز اڑانے پر بھی پابندی عائد کردی۔محکمہ داخلہ سندھ نے بغیراجازت جلوس،مجالس اورتعزیے کے جلوسوں اور نفرت انگیزمواد چھاپنے،اشتہاربنانے،تقریرکرنے پر بھی پابندی عائدکردی گئی ہے۔