سوات ، نجی سکول کی بس کھائی میں جاگری،ایک بچہ جاں بحق30زخمی

بس خوازہ خیلہ کے علاقے میں گزر رہی تھی کہ موڑ کاٹتے ہوئے بریک فیل ہونے کی وجہ سے کھائی میں گری،زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیاگیا

سوات( نیوز ڈیسک ) سوات کے علاقے خوازہ خیلہ میں اسالہ کے مقام پر نجی سکول کی بس کھائی میں جاگری جس میں ایک بچہ جاں بحق جبکہ 30کے قریب بچے زخمی ہوگئے،زخمی بچوں کو فوری طورپر ہسپتال منتقل کر دیاگیا۔تفصیلات کے مطابق نجی سکول کی بس خوازہ خیلہ کے علاقے میں گزر رہی تھی کہ بس موڑ کاٹتے ہوئے بریک فیل ہونے کی وجہ سے کھائی میں گری۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر زخمی بچوں کوخوازہ خیلہ ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ریسکیو اہلکاروں کے مطابق بس حادثے کے نتیجے میں 30 بچے زخمی ہوگئے جبکہ ایک جاں بحق ہوگیا۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان حادثے کانوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر خوازہ خیلہ سے رپورٹ طلب کرلی۔
ڈپٹی کمشنر نے وین کی حالت، فٹنس سرٹیفیکٹ سمیت دیگر تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ اگر وین کا فٹنس سرٹیفکیٹ نہیں ہوا تو اسکول انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔خیال رہے کہ اس سے قبل بھی خیبر پختونخوا ہ کے ضلع سوات میں تیز رفتار وین کھائی میں جاگری تھی جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے تھے۔حادثہ مالم جبہ روڈ پر تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جس کے نتیجے میں پانچ افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے۔
مقامی افراد نے لاشوں اور زخمیوں کو اپنی مدد آپ کے تحت مقامی ہسپتال منتقل کیا تھا۔پولیس کے مطابق شدید زخمیوں کو سیدو شریف ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔اس حوالے سے پولیس کا کہنا تھا کہ ہائی ایس وین مینگورہ جا رہے تھے کہ کولاکرین کے مقام پر تیزرفتاری کے باعث بریک فیل ہونے کے باعث حادثہ پیش آیاتھا۔ہائی میں بارہ افراد سوار تھے۔مقامی افراد سمیت ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کوفوری طور پر ہسپتال منتقل کیا تھا۔ہسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ حادثے میں چھ افراد زخمی ہوئے تھے۔مالم جبہ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ حادثے میں زخمی افراد کی ہر ممکن مدد کی جائے جبکہ حادثے میں جاں بحق افراد میں ابتشام ،شہزادہ ،سلیمان،امجد علی ،آصف و دیگر شامل تھے۔