اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) وفاقی کابینہ نے “آپریشن عزم استحکام” کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 11 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے مالی سال 23-2022 کی قومی اقتصادی کونسل کی سالانہ رپورٹ پر غور کیا، وفاقی کابینہ نے ای سی سی، سی سی ایل ایل سی اور کابینہ کمیٹی برائے حکومتی ملکیتی اداروں کے فیصلوں کی توثیق کردی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی کابینہ نے نیشنل ایکشن پلان کے ایپکس کمیٹی کے فیصلوں کی بھی توثیق کر دی، وفاقی کابینہ نے “آپریشن عزم استحکام” کی باضابطہ منظوری دے دی، وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کو “عزم استحکام آپریشن” سے متعلق قیاس آرائیوں سے متعلق آگاہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آپریشن عزم استحکام ماضی کے آپریشنز کی طرح نہیں ہے، عزم استحکام آپریشن میں عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔